0
Monday 3 Oct 2022 20:23

اپوزیشن پارٹیاں تباہی و بربادی اور بدعنوانی میں برابر کی شریک ہیں، عبدالحق ہاشمی

اپوزیشن پارٹیاں تباہی و بربادی اور بدعنوانی میں برابر کی شریک ہیں، عبدالحق ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ قوم نے قومی، لسانی و دیگر پارٹیوں کو ووٹ دے کر دیکھ لیا کہ ان پارٹیوں نے عوام کے اعتماد کو دھوکہ دیا اور ان کے کالے کرتوتوں سے آج پاکستان کرپشن کی دلدل، قرضوں کی لعنت، غربت، مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی میں گھرا ہوا ہے۔ بلوچستان حکومت و اپوزیشن میں شامل پارٹیاں بلوچستان کی تباہی و بربادی، بے روزگاری اور بدعنوانی میں برابر کی شریک ہیں۔ جماعت اسلامی قوم کو مسائل کے دلدل سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ جماعت اسلامی قوم کی خیرخواہ اور دیانتدار پارٹی ہے۔ ان شاء اللہ قوم نے ساتھ دیا تو ترقی و خوشحالی کا اسلامی سفر شروع ہوگا اور اسلامی نظام نافذ کرکے پاکستان کو اسلامی اور بلوچستان کو خوشحال بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب عوام آئندہ انتخابات میں ووٹ جماعت اسلامی کو دیں، جو ان کے دکھوں، مصیبتوں، سیلاب زدگان کی مدد، تعلیم و صحت میں خدمات سرانجام دے رہی ہے۔

عوام نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا تو زمین و آسمان سے رحمت کے خزانے ابل پڑیں گے۔ انہوں نے کہا برسوں سے قوم کو سیراب دکھایا جا رہا ہے۔ جو بڑا جاگیردار ہوتا ہے، وہ کہتا ہے کہ وہ ہاریوں کا ہیرو ہے، صنعتکار خوابوں کی تعبیر دکھاتا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ، بیوروکریسی انہیں ہیرو بناتی ہے اور قوم ان کے پیچھے چل پڑتی ہے۔ اسی سیراب نے بجلی کی کمی کو دور کرنے کے لیے لوگوں کو قائل کیا کہ پاور پلانٹ لگا رہے ہیں۔ دس سال بعد پتہ چلا کہ یہ پلانٹ عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کے بجائے ان کے زخموں پر مزید نمک پاشی کر رہے ہیں۔ قوم دو وقت کے کھانے کو ترس رہی ہے جبکہ حکمران طبقہ عیاشیوں و شاہ خرچیوں میں مصروف عوام پر بوجھ بن گیا ہے۔ حکمرانوں نے کوئی سادگی اختیار کی، نہ اپنی شاہ خرچیوں میں کمی کی جبکہ عوام پر ٹیکسز و مہنگائی کے بم برسائے جا رہے ہیں۔ ہر طرف لوٹ مار جاری ہے، حکمرانوں کے یوٹیلٹی بلز، پٹرول و شاہ خرچیوں کے بلز غریب محب وطن عوام کی جیب سے وصول کیے جا رہے ہیں۔ ان سے پوچھنے والا کوئی نہیں۔ جماعت اسلامی ان لٹیروں سے پائی پائی کا حساب لے کر عوام کی حالت بدل کر اسلامی نظام کے ذریعے خوشحالی، ترقی، امن لے کر آئے گی۔
خبر کا کوڈ : 1017430
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش