QR CodeQR Code

وفاق اور جی بی میں الیکشن ایک ساتھ کروائے جائیں، مولانا عبد السمیع

3 Oct 2022 21:21

امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان کا کہنا تھا کہ خواتین سپورٹس گالا کے نام پر ہماری بچیوں کو آدھا لباس میں میڈیا اور غیر محرم مردوں کے سامنے لانے کی گھناؤنی حرکت قابل مذمت اقدام ہے، حکومت فوراً اپنے اس فیصلے کو واپس لے۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان مسائلستان بنا ہوا ہے اور حکومت اور اپوزیشن ذاتی مفادات کی خاطر اسمبلی میں آپس میں الجھ رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مولانا عبد السمیع امیر جماعت اسلامی گلگت بلتستان نے جماعت اسلامی کی سالانہ شوری کے اجلاس میں افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اراکین شوری کے علاؤہ امراء اضلاع، شعبہ جات، ادارہ جات اور برادر تنظیموں کے زمہ داران شریک ہوئے۔ سالانہ اجلاس میں اضلاع اور اداروں کی سالانہ رپورٹ پیش کی گئی۔ صوبائی امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی سپریم اپلیٹ کورٹ کے چیف جسٹس کے الیکشن کے حوالے سے نوٹس لینے کے اقدام کو سراہتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ وفاق اور جی بی میں الیکشن ایک ساتھ کروائے جائیں تاکہ صاف شفاف الیکشن کا انعقاد یقینی ہو سکے۔ بلدیاتی انتخابات کا فوری اعلان کیا جائے۔ 

 
انھوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں متاثرین سیلاب اور زلزلہ زدگان کے مسائل حل کرنے کے بجائے حکومت اور اپوزیشن اپنے اپنے مفادات کی بات کرتی ہیں جو کہ باعث شرم ہے۔ مہنگائی اور بےروزگاری عروج پر ہیں، کرپشن اور میرٹ کی پامالی کے سارے ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں، صاف شفاف آٹا کے حصول کے لیے عوام در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ مولانا سمیع کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اور چیف سیکرٹری الگ الگ سمتوں میں آگے بڑھ رہے ہیں، جس سے مزید مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ خواتین سپورٹس گالا کے نام پر ہماری بچیوں کو آدھا لباس میں میڈیا اور غیر محرم مردوں کے سامنے لانے کی گھناؤنی حرکت قابل مزمت اقدام ہے، حکومت فوراً اپنے اس فیصلے کو واپس لے اور والدین سے بھی گزارش ہے کہ وہ اپنے بچیوں کو اس بے ہودہ پروگرام سے دور رکھیں۔


خبر کا کوڈ: 1017440

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1017440/وفاق-اور-جی-بی-میں-الیکشن-ایک-ساتھ-کروائے-جائیں-مولانا-عبد-السمیع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org