QR CodeQR Code

ملکی عسکری و سیاسی قیادت کو یک زبان ہو کر امریکہ کو جواب دینا ہو گا، شاہ محمود قریشی

27 Sep 2011 00:15

اسلام ٹائمز:ملتان میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکہ ماضی میں ہماری ریڈ لائن کراس کر چکا ہے اور اب بھی وہ کر سکتا ہے، ہمیں اب غلط فہمیوں کا خاتمہ کرنا ہو گا، آج ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو صحیح معنوں میں قوم کے جذبات کی ترجمانی کرے اور پاکستان کے مفادات کا تحفظ کرے۔


ملتان:اسلام ٹائمز۔ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکی الزامات کو سنجیدہ لینا ہو گا، ملک کے موجودہ حالات پر ملکی عسکری و سیاسی قیادت کو اتفاق رائے سے پالیسی ترتیب دینی چاہیے اور یک زبان ہو کر دنیا اور بالخصوص امریکہ کو پیغام دینا چاہیے، امریکہ ماضی میں ہماری ریڈ لائن کراس کر چکا ہے اور اب بھی وہ کر سکتا ہے، ہمیں اب غلط فہمیوں کا خاتمہ کرنا ہو گا، میڈیا سے بات چیت کے دوران نا کا کہنا تھا کہ وقت آ گیا ہے کہ ملک کی سیاسی قیادت قوم کے جذبات کی ترجمانی کرے، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، انہوں نے کہا کہ اگر ہماری طرف سے مسکڈ سگنلز گئے تو اس کا پاکستان کو نقصان ہو سکتا ہے، اس وقت امریکی حکومت پر عوام کا بے پناہ دبائو ہے، امریکی اتحادیوں کی سوچ میں بھی تبدیلی آ رہی ہے وہ نہیں سمجھتے کہ مزید ان کا امریکہ کے ساتھ چلنا سودمند ہو گا اور اب وہ افغانستان سے انخلاء چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ افغانستان میں اپنی ناکامی کا سارا ملبہ پاکستان پر ڈالنا چاہتا ہے جو مناسب نہیں ہو گا، ہمیں ریمنڈ ڈیوس کا معاملہ سامنے رکھنا چاہیے، آج بھی قوم اس کے بارے میں جاننا چاہتی ہے، انہوں نے کہا کہ آج قوم کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو صحیح معنوں میں قوم کے جذبات کی ترجمانی کرے اور پاکستان کے مفادات کا تحفظ کرے۔


خبر کا کوڈ: 101771

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/101771/ملکی-عسکری-سیاسی-قیادت-کو-یک-زبان-ہو-کر-امریکہ-جواب-دینا-گا-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org