QR CodeQR Code

کوئٹہ، عید میلاد النبی کے موقع پر امن و امان کی صورتحال پر اجلاس

5 Oct 2022 22:32

اجلاس کے موضوع کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈی سی خلیل مراد کا کہنا تھا کہ 12 ربیع اول کے جلسہ اور جلوس کو فول پروف سکیورٹی دی جائیگی۔ اس سلسلے میں پولیس لیویز اور ایف سی کے دستے تعینات کئے جائینگے۔


اسلام ٹائمز۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) خلیل مراد کی زیر صدارت 12 ربیع الاول کے جلسہ و جلوس کے موقع پر قیام امن کو برقرار رکھنے کے حوالے سے کوئٹہ میں اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں مذہبی جماعتوں کے نمائندے، علمائے کرام، تاجر رہنماء اور گورنمنٹ آفیشلز نے شرکت کی۔ اجلاس میں 12 ربیع الاول کے دن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جلسہ و جلوس کو فول پروف سکیورٹی دینے، جلوس کے تمام روٹس کی نگرانی، روٹس پر رکاؤٹوں کو ہٹانے اور دکانوں کی وقتی طور پر بندش کے فیصلے کئے گئے۔ جلوس کے راستوں اور شہر میں جلسہ کی جگہ کا تعین اور جلوس و جلسہ کے لئے ابتداء سے اختتام تک کا دورانیہ بھی مقرر کردیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے فیصلے کو تمام شرکاء نے سراہا اور اس سے اتفاق بھی کیا۔ جبکہ مذہبی جماعتوں کے نمائندوں نے جلسہ و جلوس سے متعلق تجاویز دی اور تاجر رہنماؤں نے بازار میں جلسہ و جلوس کے دوران دکانداروں کی جانب سے اپنے تعاون کا بھی یقین دلایا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) کوئٹہ خلیل مراد کا کہنا تھا کہ دونوں جہانوں کے سرکار حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیار و محبت، صلہ رحمی اور انصاف و اخلاق کا تحفہ لیکر اس دنیا میں آئے اور ہدایت کی راہ کا تعین کرکے دنیا سے رخصت ہوئے۔ ربیع الاول کا مہینہ احترام والا مہینہ ہے۔ علمائے کرام پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ دینی تعلیمات اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہ حسنہ سے امت کو روشناس کرائیں۔ اجلاس کے موضوع کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈی سی خلیل مراد کا کہنا تھا کہ 12 ربیع اول کے جلسہ اور جلوس کو فول پروف سکیورٹی دی جائے گی۔ اس سلسلے میں پولیس لیویز اور ایف سی کے دستے تعینات کئے جائیں گے۔

پرسکون ماحول و امن قائم کرنا تمام طبقات کی ذمہ داری ہے۔ علمائے کرام کے خصوصی تعاون کی ضرورت ہے تاکہ ضلعی انتظامیہ سکیورٹی ادارے اور علمائے کرام مل کر عید میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جلسہ اور جلوس کو پرامن بنائیں۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر کچلاک محمد وقار کاکڑ، اسسٹنٹ کمشنر سریاب نثار احمد لانگو، اسسٹنٹ کمشنر صدر کیپٹن (ر) حسیب، اسسٹنٹ کمشنر سٹی فاروق عبداللہ، ایس ایس پی ایڈمن محمد بلوچ، ڈسٹرک ہیلتھ آفیسر نور بخش بزنجو، صدر انجمن تاجران عبدالرحیم کاکڑ، ایکسین میوسپل کارپوریشن کوئٹہ انجینئر عبدالحق، علامہ شہزاد عطاری، مولانا سید سمیع اللہ آغا سمیت دیگر علماء اور سرکاری محکموں کے اعلا آفیسران شریک تھے۔


خبر کا کوڈ: 1017807

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1017807/کوئٹہ-عید-میلاد-النبی-کے-موقع-پر-امن-امان-کی-صورتحال-اجلاس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org