QR CodeQR Code

اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کیلئے عمران خان نے صدر مملکت کے ہاتھ پیغام بھجوایا، خواجہ آصف

5 Oct 2022 23:51

وزیر دفاع نے کہا کہ آرمی چیف کے بیان سے ابہام دور ہوا ہے لیکن آرمی چیف کون ہوگا اس کا فیصلہ نہیں ہوا البتہ روایت کے مطابق پانچ افراد کے نام جاتے ہیں جن میں سے کسی کو بھی تعینات کیا جاسکتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کرنے کے لیے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے ہاتھ پیغام بھجوایا ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان اب منتیں ترلے کر رہا ہے جبکہ اسکو نومبر کے ہول بھی اٹھ رہے ہیں، نومبر کے خوف نے عمران خان کا دماغی توازن بگاڑ دیا ہے لیکن نومبر آئین و قانون کے مطابق گزر جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری کا عمل ماہ رواں کے آخر یا نومبر کے شروع میں ہوگا، سبکدوش آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو اتنا وقت ملنا چاہیے کہ وہ احترام کے ساتھ اپنے جوانوں کے پاس وقت گزار سکے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ آرمی چیف کے بیان سے ابہام دور ہوا ہے لیکن آرمی چیف کون ہوگا اس کا فیصلہ نہیں ہوا البتہ روایت کے مطابق پانچ افراد کے نام جاتے ہیں جن میں سے کسی کو بھی تعینات کیا جاسکتا ہے۔

انہوں کہا کہ ماضی میں پانچ نمبر سے باہر سے بھی لوگ تعینات کیے گئے اور سب تھری اسٹارز جنرل اس کے لیے اہل ہیں۔ عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کیسز معاف کرنے کی بات کرتے ہیں لیکن کیسز تو اس خاتون کے معاف ہوئے جو عمران خان اور انکی اہلیہ کے ساتھ تیسری ٹرسٹی ہے، عمران خان منافقت سے کام لیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کی سیکیورٹی فورسز سے متعلق جھوٹ بولتا ہے لیکن فوج کے ساتھ کھڑا ہونا ہمارا فرض ہے، فوجی افسران کی ہیلی کاپٹر میں شہادت پر پی ٹی آئی نے غلط زبان استعمال کی۔


خبر کا کوڈ: 1017816

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1017816/اسٹیبلشمنٹ-سے-بات-چیت-کیلئے-عمران-خان-نے-صدر-مملکت-کے-ہاتھ-پیغام-بھجوایا-خواجہ-ا-صف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org