QR CodeQR Code

عید کیپور پر سینکڑوں یہودی آبادکاروں کا مسجدالاقصیٰ میں غیر قانونی داخلہ

6 Oct 2022 07:17

میڈیا سے بات کرتے ہوئے فلسطین کی وزارت اوقاف کے ایک کارکن کا کہنا تھا کہ اس موقع پر صیہونی حکومت کی پولیس نے مسجد اقصیٰ کے داخلی دروازوں پر سخت حفاظتی اقدامات کر رکھے تھے، اور نماز کیلئے آنیوالے افراد سے شناختی کارڈ بھی تحویل میں لئے۔


اسلام ٹائمز۔ گذشتہ روز تین سو سے زائد صیہونی آباد کار، یہودیوں کی عید کے موقع پر "باب المغاربہ" سے مسجد اقصیٰ میں داخل ہوگئے۔ 336 صیہونی آباد کار اپنی عید "غفران" یا مغفرت یا عید "کیپور" کے موقع پر صیہونی فوج کی مدد سے غیر قانونی طور پر مسجد اقصیٰ میں داخل ہوگئے۔ اس دوران ان غاصب آباد کاروں کی مدد کے لئے سینکڑوں صیہونی فوجی مسجد اقصیٰ کے صحن میں تعینات کئے گئے، جنہوں نے نماز کے لئے آنے والے افراد کی تلاشی بھی لی۔ فلسطین کی وزارت اوقاف کے ایک کارکن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر صیہونی حکومت کی پولیس نے مسجد اقصیٰ کے داخلی دروازوں پر سخت حفاظتی اقدامات کر رکھے تھے، اور نماز کے لئے آنے والے افراد سے شناختی کارڈ بھی تحویل میں لئے۔ ایک نیوز رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس دوران مسجد اقصیٰ کے صحن میں داخل ہونے کے جرم میں ایک لڑکی سمیت چند فلسطینیوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

نیوز رپورٹس کے مطابق، صیہونی پولیس نے قدس سٹی کا پوری طرح محاصرہ کر رکھا تھا اور اس شہر کے داخلی و خارجی راستوں کے علاوہ مرکزی شاہراہوں کو کنکریٹ کی دیواروں سے بند کر دیا تھا۔ اس حوالے سے فلسطین کی مقاومتی تحریک "جہاد اسلامی" نے اعلان کیا ہے کہ قدس کے راستوں کو بند کرنا ہمارے اسلامی مقدسات پر حملہ ہے، جس پر ہماری ملت اور مقاومت خاموش نہیں بیٹھے گی۔ حماس نے بھی اعلان کیا ہے کہ مسجد اقصیٰ پر دشمن اور اس کے آباد کاروں کی جارحیت ہماری سرخ لکیر کو عبور کرنا ہے۔ یاد رہے کہ صیہونیوں کی عید غفران چار سے پانچ اکتوبر تک ہے، جبکہ عید العرش یا سوکوت نو اور دس اکتوبر تک جاری رہے گی۔


خبر کا کوڈ: 1017848

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1017848/عید-کیپور-پر-سینکڑوں-یہودی-آبادکاروں-کا-مسجدالاقصی-میں-غیر-قانونی-داخلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org