0
Tuesday 27 Sep 2011 08:21

یورپی یونین طرز کی اسلامی یونین وجود میں آ جائے تو اسلامی ممالک بہت سے مسائل حل کر سکتے ہیں، ثروت اعجاز قادری

یورپی یونین طرز کی اسلامی یونین وجود میں آ جائے تو اسلامی ممالک بہت سے مسائل حل کر سکتے ہیں، ثروت اعجاز قادری
کراچی:اسلام ٹائمز۔ سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ عوامی امنگوں کے تحت فیصلے کرنے پر سیاسی و عسکری قیادت مبارک باد کی مستحق ہے۔ قیادت کے فیصلے سے قوم کا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔ سنی تحریک پاک فوج کے امریکہ کو مُنہ توڑ جواب دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے اور یقین دلاتی ہے کہ کسی بھی قسم کی جارحیت مسلط کی گئی تو سنی تحریک کا ہر کارکن پاک فوج کے ساتھ ہر اول دستے کا کردار ادا کرتے ہوئے دفاعِ پاکستان میں شہادت کے لئے تیار ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پاک امریکہ کشیدگی کے حوالے سے سنی تحریک کی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ سیاسی قوتوں نے بھی امریکہ کو مُنہ توڑ جواب دینے کی حمایت کرتے ہوئے وطن عزیز کے دفاع کا عزم کیا ہے اور مسلح افواج کے امریکہ کو جواب دینے کی حمایت کی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو اب امریکہ سے جان چھڑا لینا چاہیے اور اپنے حقیقی دوست ممالک چین، ایران اور سعودی عرب سے دوستی مضبوط بنانے کیلئے سفارتی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے حکومت پاکستان خصوصاً وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو بین الاقوامی کانفرنس میں خطاب کے دوران امریکہ کو پاکستان میں مداخلت کی ذمہ داری کا احساس دلا کر قوم کو نئی جلا بخشی ہے ورنہ پاکستانی قوم میں غلامی کا احساس جنم لے رہا تھا، تاہم وزیراعظم کے خطاب سے آزادی کی فضاء بحال ہوئی ہے۔ ثروت اعجاز قادری نے حکومت پر واضح کیا ہے کہ وہ اپنے موقف پر ڈٹے رہیں کیونکہ پوری قوم کا یہی موقف ہے۔
اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی اسلامی بلاک بنانے کی پالیسی اپنانے کی ضرورت پر عمل کرتے ہوئے حکومت اپنے سفارت کاروں کو اس پالیسی پر کام کرنے ہدایت کرے۔ اگر یورپی یونین کی طرز کا اسلامی یونین وجود میں آ جائے تو کمزور اسلامی ممالک اور طاقتور اسلامی ممالک ایک دوسرے کے بہت سے مسائل حل کر سکتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی طلب کردہ قومی کانفرنس میں ہونے والے تمام فیصلوں پر عمل درآمد کر کے ہم ایک آزاد و متحد قوم کا قائداعظم محمد علی جناح کا خواب پورا کر سکتے ہیں اور اس میں ہی ملک کی ترقی مضمر ہے۔
خبر کا کوڈ : 101826
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش