0
Tuesday 27 Sep 2011 15:33

اسکول بس حادثہ، جاں بحق طلباء کی تدفین،شہر کی فضا سوگوار، اسکولز،کالجز،کاروباری مراکز اور سرکاری ادارے بند

اسکول بس حادثہ، جاں بحق طلباء کی تدفین،شہر کی فضا سوگوار، اسکولز،کالجز،کاروباری مراکز اور سرکاری ادارے بند
فیصل آباد:اسلام ٹائمز۔ کلرکہار بس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تدفین شروع کر دی گئی ہے۔ اب تک تین طالب علموں کو سپردخاک کر دیا گیا ہے۔ کلر کہار میں اسکول بس کے حادثہ میں تینتیس طلبہ سمیت چھتیس افراد جاں بحق ہو گئے تھے، جاں بحق افراد کی نماز جنازہ اور تدفین کی جا رہی ہے۔ اس افسوسناک حادثے پر شہر کی فضا سوگوار ہے۔ تمام تعلیمی ادارے، کاروباری مراکز اور سرکاری دفاتر بند ہیں۔ فیصل آباد کے نجی سکول کی بس اسلام آباد کے تفریحی دورے سے واپسی پر کلر کہار کے قریب بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری تھی جس میں چھتیس افراد ہلاک ہو گئے۔ جاں بحق ہونیوالوں میں اکثریت طالب علم بچوں کی ہے۔ حادثے میں ہلاک ہونے والے وائس پرنسپل سمیت بارہ بچوں کی لاشیں فیصل آباد پہنچا دی گئی ہیں۔ ہلاک ہونے والے تین طالب علموں دسویں جماعت کے فیصل اور شعبان جبکہ نویں جماعت کے علی افتخار کو مقامی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ دیگر جاں بحق ہونے والے دیگر افراد کی تدفین ظہر کے بعد ہو گی اس سلسلے میں ملت ٹاؤن کے قبرستان میں تیس سے زائد قبریں تیار کی جا رہی ہیں۔ شدید زخمیوں میں سے بارہ بچوں کو الائیڈ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ افسوسناک حادثے کی وجہ سے شہر کی فضا سوگوار ہے، اسکولز، کالجز، کاروباری مراکز اور سرکاری ادارے بند ہیں۔
خبر کا کوڈ : 101902
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش