0
Wednesday 28 Sep 2011 01:04

مسلم امہ کو آپس میں غلط فہمیاں دور کرکے مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ درپیش چیلنجز سے نمٹا جاسکے، ماشا اللہ شاکری

مسلم امہ کو آپس میں غلط فہمیاں دور کرکے مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ درپیش چیلنجز سے نمٹا جاسکے، ماشا اللہ شاکری
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ ارکان پارلیمنٹ، سفارتکاروں اور علمائے کرام نے رواں سال حج انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزارت مذہبی امور سے کہا ہے کہ ماضی میں حاجیوں کو پیش آنے والی مشکلات اور غلطیوں کے ازالے کیلئے حج کے موقع پر اللہ کے مہمانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ وفاقی سیکرٹری مذہبی امور شوکت حیات درانی نے کانفرنس کے شرکاء کو بتایا کہ وزارت مذہبی امور نے تمام حج انتظامات بڑی خوش اسلوبی سے مکمل کرلئے ہیں، 30 ستمبر کو حج پروازیں شروع ہونگی کوشش کی ہے کہ ماضی جیسی غلطیوں کا ارتکاب نہ ہو، حج امور کو مکمل شفاف بنا دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار منگل کو حج کے موقع پر منِعقد ہونے والی مسلم امہ اتحاد اور یگانگت کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان میں ایران کے سفیر ماشاء اللہ شاکری نے کہا کہ مسلم امہ کو آپس میں غلط فہمیاں دور کرکے مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ درپیش چیلنجز سے نمٹا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ غیر اسلامی قوتیں مسلمانوں میں دراڑیں پیدا کر رہی ہیں جس کو ہمیں مل کر منہ توڑ جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خانہ کعبہ مسلم امہ کی اتحاد کی علامت ہے اور اسلام کا پرچار کرنے کیلئے فاصلوں کو ختم کرنا ہوگا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری محبوب اللہ جان نے کہا کہ حج کے بہترین انتظامات کو حتم شکل دے دی گئی اور شفافیت کو سو فیصد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کو اقتصادی صورتحال بہتر بنانے کیلئے حج کے مواقع ایکسپورٹ پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور اس سال حجاج کو تمام تر سہولتیں مہیا کرے گی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان رویت ہلال کمیٹی چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ حج مسلم امہ میں یکجہتی یگانگت اور مساوات کا سب سے بڑا مظہر ہے اور رکن اسلام بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کی اصل روح حاصل کرنے کیلئے ہمیں اسلام پر مکمل طور پر عمل پیرا ہونا چاہئے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاق المدارس کے جنرل سیکرٹری قاری حنیف جالندھری نے کہا کہ حج ایثار و محبت، رواداری، اطاعت، باہمی روابط اور صالح اعمال کا درس دیتا ہے۔ مسلمانوں کو نظم و ضبط کے ساتھ اس فریضہ کو ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کفریہ طاقتوں کا مقابلہ صرف اتحاد اور یگانگت سے ممکن ہے۔ سیمینار سے ایران سے آئے ہوئے رہبر جہاں کے نمائندہ خصوصی ایت اللہ مجتبیٰ حسینی سمیت بھارت، چین، تاجکستان، افغانستان اور بنگلادیش سے سکالروں اور علماء نے بھی خطاب کیا اور حج کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ کانفرنس (آج) بدھ کو اختتام پذیر ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 102026
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش