0
Wednesday 28 Sep 2011 08:30

پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتا ہے، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا، حنا ربانی

پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتا ہے، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا، حنا ربانی
اسلام ٹائمز۔ پاکستانی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کا کہنا ہے پاکستان دنیا میں امن، تحفظ اور استحکام کو بہت اہمیت دیتا ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مل کر کام کرنا ہو گا، پاکستان اکیلے دہشت گردی سے نہیں نمٹ سکتا۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں حنا ربانی کھر کا کہنا تھا پاکستان خطے میں خوشحالی اور امن کے لئے کوشاں ہے اور اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے سب کو مل جل کر کوشش کرنا ہو گی۔ پاکستان اقوام متحدہ کے نعرے "جنگ سے پاک دنیا" پر یقین رکھتا ہے۔ دنیا بھر میں دہشتگردی سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، تیس ہزار بے گناہ پاکستانی شہری جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں، دہشتگردی کا شکار ہوئے ہیں جبکہ چھ ہزار پانچ سو بتیس فوجی اس جنگ میں شہید ہو چکے ہیں۔ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ کئی ہائی ویلیو ٹارگٹس کو گرفتار کیا ہے، تاہم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابی عالمی تعاون سے حاصل کی جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کی وجوہات کا بھی خاتمہ چاہتا ہے۔
حنا ربانی کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں لیکن پیچیدگیوں کو سمجھا جائے، زمینی حقائق پر احتیاط سے تجزیئے کی ضرورت ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پرامن اور خوشحال افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے ایمانداری سے کوشش کی جا رہی ہے، کابل میں حالیہ دھماکوں کی مذمت کرتے ہیں۔ حنا ربانی کھر نے کہا پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتا ہے، مسئلہ کشمیر کا پرامن حل خطے میں استحکام کے لئے ضروری ہے، جنوبی ایشیا میں استحکام اور امن کی ذمہ داری پاکستان اور بھارت پر ہے، آج خوشی کی بات ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات شروع ہو چکے ہیں۔ 
پاکستانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سیکورٹی کونسل کی نشست کا امیدوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی امداد پر عالمی برادری کے مشکور ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ آزاد فلسطینی ریاست فلسطینیوں کا حق ہے اور ان کو اقوام متحدہ کی رکنیت ملنی چاہئے۔
خبر کا کوڈ : 102040
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش