QR CodeQR Code

گلگت بلتستان کے عوام کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، مہدی شاہ

28 Sep 2011 19:52

اسلام ٹائمز: پیپلز پارٹی گلگت کے سینئر رہنماوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی گلگت بلتستان کا کہنا تھا کہ علاقے کے عوام جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہیں، پی پی حکومت نے ہمیشہ ملک کی سالمیت اور تعمیر و ترقی کو مقدم رکھا ہے۔


گلگت:اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہیں اور ہر محاذ پر اپنے خون کا نذرانہ دیکر ثابت کر دیا ہے کہ وطن عزیز کے دفاع کے لئے کسی قسم کی قربانی سے پیچھے نہیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلزپارٹی گلگت کے سینئر رہنماوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی حکومت نے ہمیشہ ملک کی سالمیت اور تعمیر و ترقی مقدم رکھتے ہوئے فیصلے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کا موجودہ پاک امریکہ تعلقات اور دیگر اہم ملکی معاملات پر اے پی سی بلانا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری وطن عزیز کے مفاد میں مفاہمتی پالیسی کے تحت تمام سیاسی پارٹیوں کو ساتھ لیکر چلنے کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوری پاکستان دنیا کا ساتواں جبکہ اسلامی ممالک میں پہلا ایٹمی ملک ہے، وطن عزیز کے دفاع کے لئے گلگت بلتستان کے غیور عوام ذاتی اور سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر پاکستان کے چپے چپے کے دفاع کے لئے ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے، پاک فوج کے سینکڑوں جوانوں نے اس جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ دیا ہے اور پاکستان کے عوام کی بھی اس جنگ میں بے پناہ قربانیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار پر انگلی اٹھانے کا حق نہیں پہنچتا۔ پاکستان کی حکومت اپنی ملکی سلامتی اور دفاع سے غافل ہے اور نہ ہی کسی ملک کو پاکستان پر جارحیت کرنے کی اجازت دی جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 102161

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/102161/گلگت-بلتستان-کے-عوام-کسی-قربانی-سے-دریغ-نہیں-کریں-گے-مہدی-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org