0
Thursday 29 Sep 2011 01:58

پاکستان جیو اور جینے دو کی پالیسی کا خواہاں ہے، ہم کسی سے ڈرتے ہیں اور نہ ہی ٹکراؤ پر یقین رکھتے ہیں، فردوس عاشق اعوان

پاکستان جیو اور جینے دو کی پالیسی کا خواہاں ہے، ہم کسی سے ڈرتے ہیں اور نہ ہی ٹکراؤ پر یقین رکھتے ہیں، فردوس عاشق اعوان
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ وزارت مذہبی امور اور ایرانی سفارت خانہ کے کلچرل قونصلیٹ کے اشتراک سے منعقدہ حج کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب اور میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے وزیراطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا میں امن، استحکام اور ترقی کا خواہاں ہے اور اس نے خطہ اور دنیا میں امن کے فروغ کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ نہ تو ہم کسی سے ڈرتے ہیں اور نہ ہی ٹکراؤ چاہتے ہیں بلکہ دنیا میں پرامن بقائے باہمی اور عزت اور برابری کے اصول کے تحت تعلقات کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی کی جانب سے درپیش صورتحال میں مشاورت کے لئے کل جماعتی کانفرنس کا اقدام ترجیحات طے کرنے اور قومی حکمت عملی کی تیاری میں ایک اہم قدم ہے اور حکومت کی جانب سے تمام قومی معاملات پر مشاورت کی پالیسی کا مظہر ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کل جماعتی کانفرنس میں پارلیمان کے اندر اور باہر موجود رہنما اور قائدین شرکت کررہے ہیں اور قومی احساسات اور جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے مشاورت سے قومی حکمت عملی تشکیل دینے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ قومی مفادات کے لئے ہم سب ایک ہیں اور انشاء اللہ کل جماعتی کانفرنس میں قومی قیادت قوم کی احساسات اور خواہشات کی ترجمانی کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ کل جماعتی کانفرنس میں ملک کی سکیورٹی،قومی اداروں کے استحکام اور دیگر درپیش چیلنجوں پر قومی قیادت مشاورت کرے گی جس میں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر رہنما شرکت کریں گے اور تمام قیادت سرجوڑ کر درپیش صورتحال پر تبادلہ خیال کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ اے پی سی پوری قوم کے جذبات اور احساسات کی ترجمان ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے قومی ہیروز نے جن مقاصد کے لئے قربانیاں دی تھیں، ان پر اب ڈٹ جانے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام علماء کرام، سکالر ہم آہنگی اور عوام کو متحد کرنے کے حوالہ سے اپنا کردار ادا کریں۔ وزارت مذہبی امور اس سلسلہ میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں مذہبی رہنماؤں کو اہم کردارہے۔ پاکستان کی سالمیت کے لئے ہمیشہ علماء کرام کا کردار نمایاں رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا کو اپنے ساتھ ملاکر قومی اور ملکی مفاد کے تحفظ اور پاکستان کے حقیقی چہرہ کو دنیا کے سامنے لانے میں بڑی مدد مل سکتی ہے اور میڈیا کو ہم قومی خدمت کے جذبہ سے اپنے ساتھ لے کر چلنے کی سوچ رکھتے ہیں۔
وزیراطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ مسلمان ہونے پر ہم سب کو فخر ہے،حج ایک مقدس مذہبی فریضہ ہے اور اس کی ادائیگی کے حوالہ سے ہمیں مکمل معلومات حاصل کرنی چاہئیں تاکہ ہم اس مقدس فرض کو اس کی روح کے مطابق انجام دے کر اللہ کی رحمت کو حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ حج مسلم امہ کی یک جہتی، ہم آہنگی کا مظہر ہے اور اس موقع پر دینی مساوات کا ایک واضح پیغام دکھائی دیتا ہے اور امیر غریب سب ایک قطار میں اللہ تعالی کی خوشنودی کے لئے حاضر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری معاشرتی سوچ نے مذہبی عقائد اور سوچ کو دبا دیا ہے، آج مٹھی بھر لوگ اسلام پر قبضہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں جس کے نتیجہ میں اس عظیم مذہب کو دفاعی پوزیشن پر لاکھڑا کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزارت اطلاعات اور مذہبی امور نے معاہدہ پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت پی ٹی وی اور ریڈیو پر حجاج کرام کی رہنمائی اور مسناسک حج کی ادائیگی کے حوالے سے آگاہی پروگرام پیش کئے جارہے ہیں جس سے حج کی سعادت کے لئے جانے والوں کو اس مقدس فرض کی ادائیگی کے حوالہ سے مفید معلومات میسر آئیں گی۔ انہوں نے کانفرنس کے انعقاد پر وزارت مذہبی امور اور ایران کے کلچر قونصلیٹ کا شکریہ ادا کیا اور حج کی بابرکت سعادت کے حوالہ سے اس کاوش کو سراہا۔
اس موقع پر رہبر جہاں سید علی خامنہ ای کے نمائندہ شام جناب ایت اللہ مجتبیٰ حسین نے بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ دیگر ممالک سے بھی مذہبی سکالرز شریک ہوئے۔
خبر کا کوڈ : 102284
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش