0
Thursday 29 Sep 2011 02:16

جیو سٹریٹجک محل وقوع کی بناء پر ایران کا پاکستان کے ہمراہ اہم کردار ہے، صدر زرداری کی ایرانی وزیر داخلہ سے گفتگو

جیو سٹریٹجک محل وقوع کی بناء پر ایران کا پاکستان کے ہمراہ اہم کردار ہے، صدر زرداری کی ایرانی وزیر داخلہ سے گفتگو
اسلام آباد:اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ صدر آصف علی زرداری نے ایرانی وزیر داخلہ مصطفی محمد نجار کے ساتھ بدھ کو ایوان صدر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو تمام شعبوں بالخصوص، تجارت، توانائی، سلامتی، مواصلات اور انفراسٹرکچر کے میدان میں تعاون کو مزید وسعت دینے اور موجود مواقع سے بھرپور استفادہ کی راہ میں حائل چیلنجز پر قابو پانے کیلئے شراکت داری کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کی قلت، ناکافی تجارت، سمگلنگ، منشیات کی سمگلنگ، سرحدی انتظام اور سیکورٹی ان چند چیلنجز میں شامل ہیں جن کو دونوں ممالک کو مل کر نمٹنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، پاک ایران گیس پائپ لائن اور ہزار میگاواٹ کی تفتان کوئٹہ پاور ٹرانسمیشن لائن کی جلد تکمیل کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ صدر نے بندر عباس میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل کھولنے اور تہران میں پاکستانی ثقافتی مرکز کے قیام کے معاہدے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تجارت 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کیلئے دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ قابل عمل کامیابی ہے اس ضمن میں کرنسی مبادلہ معاہدہ اور پاکستان سے ایران کو گوشت کی برآمد جیسے اقدامات کے فوری اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
صدر نے کہا کہ شدت پسندی سے علاقائی اور عالمی امن کو خطرہ ہے، شدت پسندی احساس محرومی کو ہوا دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے لوگوں کو تعلیم اور اقتصادی مواقع فراہم کر کے ہم ایک جانب شدت پسندی کے چیلنج کا موثر طور پر مقابلہ کر سکتے ہیں اور دوسری جانب اپنے نوجوانوں کو شدت پسندوں کے چنگل میں پھنسنے سے بچا سکتے ہیں۔ ملاقات کے دوران پاکستان کے مختلف حصوں میں حالیہ بارشوں سے ہونے والی تباہی پر بھی بات ہوئی۔ صدر نے سیلاب متاثرین کیلئے ایرانی بھائیوں کی معاونت کو سراہا۔
ایرانی وزیر داخلہ مصطفی محمد نجار نے کہا کہ ایران سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے 10 کروڑ ڈالر عطیہ کرے گا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم کے حالیہ دورہ ایران کے دوران وزیر داخلہ مصطفی محمد نجار نے کہا تھا کہ وہ متاثرین کیلئے امدادی اشیاء سے بھرے جہاز کے ہمراہ ایک ہفتے کے اندر پاکستان کا دورہ کریں گے۔ مصطفی محمد نجار نے حالیہ بارشوں سے ہونے والی تباہی پر ایرانی قیادت کی طرف سے پاکستان کے عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران دونوں ممالک کی قیادت کی طرف سے متفقہ طور پر طے پانے والے تمام باہمی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کا یکساں طور پر خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران دونوں ممالک کو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کیلئے پاکستان کا ساتھ دیتا رہے گا۔
اس موقع پر ایرانی سفیر ماشاء اللہ شاکری، نائب وزیر داخلہ مہدی محمدی فارد نائب وزیر اور کرائسز مینجمنٹ آرگنائزیشن کے سربراہ حسن قدامی اور ہلال احمر سوسائٹی کے سربراہ فغیح بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ پاکستان کی طرف سے وزیر داخلہ رحمن ملک، صدر کے سیکرٹری جنرل سلمان فاروقی، خارجہ سیکرٹری سلمان بشیر، سیکرٹری داخلہ کے ایم صدیق اکبر اور دیگر اعلیٰ حکام ملاقات میں موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 102285
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش