QR CodeQR Code

آل پارٹیز کانفرنس، مثالی قومی اتحاد سے قوم کو ولولہ تازہ ملا ہے، قیادت ڈٹی رہی تو امریکہ پاکستان پر حملے کی جرات نہیں کرے گا، فضل کریم

29 Sep 2011 23:27

اسلام ٹائمز:چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ امریکہ ہمیں ایٹم بموں سے نہ ڈرائے کیونکہ عشق رسول سب سے بڑا ایٹم بم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری پاکستان کے خلاف امریکہ کے جارحانہ عزائم کا نوٹس لے، امریکہ مسلسل دوستی کے پردے میں دشمنی کر رہا ہے۔


لاہور:اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور قومی اسمبلی کے رکن صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم نے کہا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس میں مثالی قومی اتحاد کے مظاہرہ سے قوم کو ولولہ تازہ ملا ہے۔ اگر سیاسی و عسکری قیادت اسی ثابت قدمی کے ساتھ ڈٹی رہی تو امریکہ پاکستان پر حملے کی جرات نہیں کرے گا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ اے پی سی میں قومی یکجہتی کے اظہار سے امریکہ کی آنکھیں کھل جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام شعبہ ہائے زندگی کی نمایاں اور لیڈنگ شخصیات کی بھی قومی کانفرنس طلب کرے۔ 
صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ امریکہ ہمیں ایٹم بموں سے نہ ڈرائے کیونکہ عشق رسول سب سے بڑا ایٹم بم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری پاکستان کے خلاف امریکہ کے جارحانہ عزائم کا نوٹس لے۔ امریکہ مسلسل دوستی کے پردے میں دشمنی کر رہا ہے۔ امریکی ڈرون حملوں سے ہونے والی ہلاکتیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ اب قوم کسی کو سوٹ کیس اٹھا کر بھاگنے نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن پر قابو پا کر پاکستان ہر سال 10 ارب ڈالر بچا سکتا ہے اس لیے کرپشن کے خاتمے کے لیے مضبوط احتسابی ادارہ قائم کیا جائے، تاکہ ملک اپنے پاﺅں پر کھڑا ہو کر غیرملکی دباﺅ کا مقابلہ کر سکے۔


خبر کا کوڈ: 102514

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/102514/آل-پارٹیز-کانفرنس-مثالی-قومی-اتحاد-سے-قوم-کو-ولولہ-تازہ-ملا-ہے-قیادت-ڈٹی-رہی-امریکہ-پاکستان-پر-حملے-کی-جرات-نہیں-کرے-گا-فضل-کریم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org