QR CodeQR Code

جیکب آباد، ایم ڈبلیو ایم کے اجلاس کا انعقاد، تنظیم سازی اور سیلاب متاثرین پر بحث

18 Nov 2022 22:46

اجلاس کی صدارت ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کی، جبکہ مرکزی سیکرٹری علامہ مقصود علی ڈومکی نے خصوصی شرکت کی۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی کی صدارت میں ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کا اہم اجلاس مدرسہ المصطفی خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیکب آباد میں آج منعقد ہوا۔ جس میں ایم ڈبلو ایم کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے میں تنظیم سازی کی صورتحال اور سیلاب متاثرہ علاقوں کے حالات و تعمیر نو کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ یونٹ کسی بھی جماعت کی فعالیت کی بنیادی اکائی ہے۔ یونٹس کی فعالیت ہمارے اہداف میں سرفہرست ہے، جبکہ ملک بھر میں عنقریب ممبر سازی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔
 
انہوں نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ و آفت زدہ اضلاع میں بازسازی و گھروں کی تعمیرنو ضروری ہے۔ منہدم مکانات کی تعمیر کے سلسلے میں حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان متاثرین سیلاب کی حسب توفیق امداد کو اپنا قومی و انسانی فرض سمجھتی ہے۔ اجلاس میں بیت علی ع کے عنوان سے بلوچستان میں مکانات کی تعمیر پر مشاورت کی گئی۔  اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ  سردیاں شروع ہوگئی ہیں۔ متاثرین کا کھلے آسمان تلے سخت سردیوں کے موسم میں چھوٹے بچوں کے ساتھ زندگی گزارنا نہایت مشکل ہے۔
 
متاثرہ اضلاع میں گھروں کی تعمیراتی کام جتنا جلدی ہوسکے شروع کیا جائے اور متاثرہ اضلاع میں مساجد و امام بارگاہیں بھی منہدم ہوچکی ہیں۔ ان کی تعمیر نو بھی نہایت ضروری ہے۔ اجلاس میں متاثرہ اضلاع کے صدور و صوبائی کابینہ کے عہدیداران نائب صدر علامہ سہیل اکبر شیرازی، صوبائی سیکرٹری تنظیم سید حسن ظفر، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری غلام حسین جعفری، صوبائی سیکرٹری تبلیغات مولانا عبدالحق جمالی، صوبائی سیکرٹری روابط سید گلزار شاہ بخاری، صوبائی ترجمان سید شبیر علی شاہ دوپاسی، صوبائی سیکرٹری عزاداری محمد نواز مولائی نے شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 1025383

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1025383/جیکب-آباد-ایم-ڈبلیو-کے-اجلاس-کا-انعقاد-تنظیم-سازی-اور-سیلاب-متاثرین-پر-بحث

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org