0
Saturday 19 Nov 2022 15:25

ہر قسم کی دہشتگردی اور پُرتشدد کارروائیوں کو مسترد کرتے ہیں، عمانی وزیر خارجہ

ہر قسم کی دہشتگردی اور پُرتشدد کارروائیوں کو مسترد کرتے ہیں، عمانی وزیر خارجہ
اسلام ٹائمز۔ عمان کے وزیر خارجہ "بدر البوسعیدی" نے آج ہفتے کی دوپہر تہران کا دورہ کیا، جہاں ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ان کا استقبال اور ملاقات کی۔ دونوں رہنماوں نے ملاقات کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران کے دفتر خارجہ میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اپنی گفتگو کی ابتداء میں بدر البوسعیدی نے دورہ ایران پر اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ سلطنت عمان نے ہمیشہ اچھی ہمسائیگی اور مثبت تعاون کی پالیسی کو اپنایا ہے اور عمان خطے میں سلامتی و امن کو یقینی بنانے کے لیے تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ بدر البوسعیدی نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے خطے اور سمندروں میں بحری جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی خاطر مشترکہ جذبے سے کام کرنا چاہیئے۔ ہمارے تجارتی اور اقتصادی اقدامات بالآخر ہماری قوموں کو فائدہ دیں گے، اس کے علاوہ ہماری تجارتی پارٹنر شپ اور بین الاقوامی تعلقات میں اضافے کا سبب بنیں گے۔

عمان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اس وقت بہت زیادہ بحران، تنازعات اور چیلینجز موجود ہیں، لیکن ہم عمان میں یہ سمجھتے ہیں کہ ان مشکلات اور چیلینجز کا حل صرف گفتگو کے ذریعے سے ہی ممکن ہے اور اس کے لئے ہمیں بات چیت اور پرامن طریقے تلاش کرنے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہر طرح کی پُرتشدد کارروائیوں اور دہشت گردی کو مسترد کرتے ہیں، اس کے علاوہ ہمیں ان پُرتشدد واقعات کی وجوہات جاننے کی کوشش کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کے قوانین کی بنا پر دیانتدارانہ انداز میں مثبت بات چیت کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ پریس کانفرنس کے آخر میں بدر البوسعیدی نے ایرانی وزیر خارجہ کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ ہم سلطنت عمان میں آپ کی بھی ایسے ہی میزبانی کریں گے اور اپنی بات چیت کو آگے بڑھائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 1025525
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش