QR CodeQR Code

ایران و آئی اے ای اے کیدرمیان سفارتکاری جاری ماہ کے اختتام تک مکمل ہو جائیگی، میخائیل اولیانوف

19 Nov 2022 17:02

اپنے ایک انٹرویو میں ویانا میں روسی نمائندے نے ایران و عالمی جوہری توانائی ایجنسی کیدرمیان تہران میں منعقد ہونیوالی مذاکراتی نشست کے بارے خبر دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ باقی ماندہ مسائل کے بارے آئی اے ای اے و تہران کے درمیان ہونیوالی سفارتکاری جاری ماہ میں مکمل ہو جائیگی


اسلام ٹائمز۔ ویانا میں عالمی تنظیموں کے درمیان روسی نمائندے میخائیل اولیانوف نے میڈیا کے ساتھ گفتگو میں عالمی جوہری توانائی ایجنسی اور تہران کے درمیان مذاکراتی نشستوں کے انعقاد سے پردہ اٹھایا ہے۔ آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز میں ایران کے خلاف جھوٹی قرارداد کی منظوری کے بعد عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ رافائل گروسی کی جانب سے باقی ماندہ جوہری مسائل پر گفتگو کے لئے ایران کے دورے پر تہران آنے کی خواہش کے اظہار پر تبصرہ کرتے ہوئے روسیا24 نامی عربی چینل کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں میخائیل اولیانوف نے امید ظاہر کی ہے کہ عالمی جوہری توانائی ایجنسی و تہران کے درمیان انجام پانے والی سفارتکاری جاری ماہ نومبر میں مکمل ہو جائے گی۔ میخائیل اولیانوف نے کہا کہ اس ماہ کے خاتمے سے عین قبل آئی اے ای اے و ایرانی فریق کے ماہرین کے درمیان سفارتکاری کا ایک دوسرا سلسلہ بھی انجام پانا چاہیئے۔  اس حوالے سے اپنی گفتگو کے آخر میں انہوں نے کہا کہ طے یہ پایا تھا کہ یہ مذاکراتی نشست تہران میں منعقد ہو گی جس کے بارے ہمیں امید ہے کہ یہ فیصلہ تاحال باقی ہو گا۔ واضح رہے کہ آج تک عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے انسپکٹروں کی جانب سے ایرانی جوہری تنصیبات کا بارہا معائنہ کیا جا چکا ہے جن کے دوران انہیں تاحال ایسے کوئی شواہد مل نہیں پائے کہ جن سے یہ ثابت ہوتا ہو کہ ایران کا پرامن جوہری پروگرام، فوجی مقاصد کے حصول کی جانب منحرف ہو گیا ہے!


خبر کا کوڈ: 1025549

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1025549/ایران-آئی-اے-کیدرمیان-سفارتکاری-جاری-ماہ-کے-اختتام-تک-مکمل-ہو-جائیگی-میخائیل-اولیانوف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org