QR CodeQR Code

ایران مخالف آئی اے ای اے قرارداد کا ٹھوس جواب دینگے، حسین امیر عبداللہیان

19 Nov 2022 17:13

سرکاری دورے پر تہران پہنچنیوالے اپنے عمانی ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں ایرانی وزیر خارجہ نے تاکید کی ہے کہ آج دوستی، برادری و صداقت پر مبنی دونوں ممالک کے باہمی تعلقات سفارتکاری کے میدان میں ایک ممتاز نمونہ عمل کی حیثیت اختیار کر چکے ہیں


اسلام ٹائمز۔ تہران میں اپنے عمانی ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اعلان کیا ہے کہ ایران، عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے غیر تعمیری اقدامات کا موثر جواب ضرور دے گا۔ تفصیلات کے مطابق اپنے سرکاری دورے پر تہران پہنچنے والے عمانی ہم منصب بدر البوسعیدی کے استقبال اور ان کے ہمراہ 2 مذاکراتی نشستوں کے بعد خبرنگاروں کے ساتھ گفتگو میں ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے تہران۔مسقط تعلقات کو سراہتے ہوئے تاکید کی کہ دوستی، برادری و صداقت پر مبنی دونوں ممالک کے باہمی تعلقات آج سفارتکاری کے میدان میں ایک ممتاز نمونہ عمل کی حیثیت اختیار کر چکے ہیں۔ حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ اس ملاقات میں ہم نے دوطرفہ تعلقات اور حالیہ ایران و عمان سربراہ ملاقات میں طے پانے والی مفاہمتوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں بہت خوشی ہے کہ دونوں ممالک کے سربراہوں کی باہمی مفاہمتیں، نیتیں و عزائم؛ مختلف میدانوں خصوصا اقتصادی و تجارتی میدان میں قابل قدر پیشرفت کا عندیہ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسلامی جمہوریہ ایران پر عائد ظالمانہ پابندیوں کے خاتمے کے لئے سلطان عمان کی جانب سے کی جانے والی مدد پر شکرگزار ہیں اور حتمی مراحل کے حصول کے لئے عمان کی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

اس موقع پر وزیر خارجہ نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ماننا ہے کہ توانائی کے خطے کے ممالک، پورے خطے میں امن و استحکام کے حامل ہیں البتہ ہم خطے میں موجود بیرونی فوجوں کو خطے کے امن و استحکام کے لئے سنگین خطرہ جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا عقیدہ ہے کہ خطے میں موجود بیرونی فوجیں آج نہ صرف خلیج فارس و بحیرہ عمان کے علاقوں میں بذات خود ایک سکیورٹی رسک بن چکی ہیں بلکہ پورے خطے کی توانائی کے لئے بھی خصوصی طور پر سنگین خطرہ ہیں۔ حسین امیر عبداللہیان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت بھی بیرونی ممالک کی بہت سی ریموٹ کنٹرول کشتیاں خلیج فارس و بحیرہ عمان میں گھوم رہی ہیں جنہوں نے سکیورٹی کے مسائل کو کئی گنا بڑھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ہفتوں کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران کے دشمنوں نے ایرانی عوام کے پاک احساسات سے غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی مسلسل مداخلت کے ذریعے ایران کی اندرونی فضاء کو متاثر کرنے کی پوری کوشش کی ہے جبکہ ان اقدامات کے باعث وقوع پذیر ہونے والے شیراز و ایذہ دہشتگرد حملوں میں ہمارے کئی ایک عزیز ہم وطن شہید و زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ نے دہشتگرد حملوں میں جانبحق ہونے والوں کے اہلخانہ کو تعزیت پیش کی اور ان دہشتگردانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں ایران کے خلاف دباؤ میں اضافے کی امریکہ و 3 یورپی ممالک کی کمپین کا اہم حصہ قرار دیا۔

ایرانی خبررساں ایجنسی فارس نیوز کے مطابق اپنی گفتگو میں حسین امیر عبداللہیان نے یمن کی تازہ ترین صورتحال کی جانب بھی اشارہ کیا اور زور دیتے ہوئے کہا کہ یمنی عوام تاحال ناگفتہ بہ صورتحال سے دوچار ہیں جبکہ ہمارا ماننا ہے کہ یمن میں جنگبندی اور غیر انسانی محاصرے کا خاتمہ ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ہفتوں کے دوران ہم نے دیکھا کہ یمن میں عارضی جنگبندی کو آگے نہ بڑھنے دیا گیا البتہ ہمیں امید ہے کہ یمن میں نہ صرف دوبارہ جنگبندی قائم ہو جائے گی بلکہ یمن کے غیر انسانی محاصرے کے خاتمے کے لئے بھی جلد ہی اقدام اٹھا لیا جائے گا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے اندر مغربی ممالک و امریکہ کی سیاست بازی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ہفتے کے دوران عالمی جوہری توانائی ایجنسی نے ایران کے خلاف ایک ایسے وقت میں غیر تعمیری اقدام اٹھایا ہے جب ابھی 15 روز قبل ہی ایرانی وزارت خارجہ و جوہری توانائی تنظیم کے مرکزی اراکین پر مشتمل ایک اعلی سطحی وفد نے ویانا کے اپنے دورے کے دوران آئی اے ای اے و تہران کے درمیان مزید گہرے تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے اور آئی اے ای اے کے سربراہ رافائل گروسی کے ساتھ انتہائی مثبت ملاقات کی تھی! انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اس تمام صورتحال کے باوجود عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے اندر اپنے اثرورسوخ، ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ کی اپنی پالیسی اور شدید ریاکاری پر مشتمل اپنی مذموم سیاست کو آگے بڑھاتے ہوئے امریکہ نے آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز میں ایران کے خلاف قرارداد پیش کی اور ایک مرتبہ پھر آئی اے ای اے سے ناجائز فائدہ اٹھایا ہے! اپنی گفتگو کے آخر میں انہوں نے تاکید کی کہ ہم عالمی قوانین اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی مکمل پابندی کے ساتھ ساتھ اس مذموم حرکت کے جواب میں ضرور موثر اقدامات اٹھائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 1025552

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1025552/ایران-مخالف-آئی-اے-قرارداد-کا-ٹھوس-جواب-دینگے-حسین-امیر-عبداللہیان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org