QR CodeQR Code

لاہور، تحریک لبیک کے بانی سربراہ کے دوسرے عرس کی تقریبات کا آغاز ہو گیا

19 Nov 2022 20:27

عرس کی تقریبات کا آغاز چادر پوشی اور دعا کیساتھ کیا گیا، حافظ سعد حسین رضوی، صاحبزادہ انس حسین رضوی نے مولانا خادم حسین رضوی کے مزار پر چادر پوشی کی، نائب امیر تحریک لبیک پاکستان پیر سید ظہیر الحسن شاہ نے خصوصی دعا کروائی، کارکنان اور عقیدت مندوں کی مزار حافظ خادم حسین رضوی پر حاضری، فاتحہ خوانی اور پھول نچھاور کرتے رہے۔


اسلام ٹائمز۔ بانی و قائد تحریک لبیک پاکستان حافظ خادم حسین رضوی کے دوسرے عرس کی تین روزہ تقریبات کا چادر پوشی اور دعا سے جامع مسجد رحمتہ للعالمین مین ملتان روڈ پر آغاز ہوگیا۔ امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی، صاحبزادہ انس حسین رضوی، علامہ غلام غوث بغدادی، مفتی عمیرالازھری، پیر سید سرور حسین شاہ، پیر سید توقیر الحسن شاہ، علامہ غلام عباس فیضی، مفتی محمد وزیر علی نے مولانا خادم حسین رضوی کے مزار پر چادر پوشی کی۔ چادر پوشی کے بعد نائب امیر تحریک لبیک پاکستان پیر سید ظہیر الحسن شاہ نے خصوصی دعا کروائی۔عرس کی تقریب میں اندرون اور بیرون ملک سے ہزاروں کارکنان شرکت کر رہے ہیں۔

آج دن بھر کارکنان اور عقیدت مند مزار حافظ خادم حسین رضوی پر حاضری، فاتحہ خوانی اور پھول نچھاور کرتے رہے۔ اس موقع پر زائرین ملک و قوم کی سلامتی اور حضور(ص) کا دین تخت پر لانے کی دعائیں مانگتے رہے۔ عرس کے موقع پر ٹی ایل پی رضاکاروں کی طرف سے سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ داخلی گیٹوں پر واک تھرو گیٹ لگا کر زائرین کو چیکنگ کے بعد پنڈال میں جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔عرس کے آج دوسرے روز اندرون و بیرون ملک سے علمائے کرام، مشائخ، سجادہ نشین، مذہبی سکالر بھی شرکت کرینگے۔ عرس کی تقریبات 21 نومبر تک جاری رہیں گی۔ کل 20 نومبر بروز اتوار پہلی نشست میں تنظیمی ذمہ داران خطاب کریں گے جبکہ دوسری نشست بعداز نماز عشاء شروع ہو گی جس میں علماء و مشائخ، مذہبی سکالر و دیگر خطابات کرینگے۔


خبر کا کوڈ: 1025575

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1025575/لاہور-تحریک-لبیک-کے-بانی-سربراہ-دوسرے-عرس-کی-تقریبات-کا-ا-غاز-ہو-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org