0
Saturday 19 Nov 2022 20:52

ایرانی قوم کی ترقی کیخلاف امریکی غصہ اور دشمنی بدستور جاری ہے، آیت الله رئیسی

ایرانی قوم کی ترقی کیخلاف امریکی غصہ اور دشمنی بدستور جاری ہے، آیت الله رئیسی
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر آیت‌ الله سید ابراہیم رئیسی نے آج دوپہر تہران میں عمان کے وزیر خارجہ "بدر البوسعیدی" سے ملاقات کی۔ انہوں نے تہران اور مسقط کے درمیان روابط کو گہرا اور مضبوط قرار دیا۔ سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ دشمنوں کی توقع کے بر خلاف ہمارے تعلقات روز بروز بڑھتے جا رہے ہیں اور حالیہ مہینوں میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں پر عملدرآمد کے لئے مثبت قدم اُٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج امریکی پشت پناہی میں تسلط پسندانہ نظام کی ایران سے دشمنی کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں ہے۔

آیت الله رئیسی نے صراحت کے ساتھ کہا کہ آخری چار دہائیوں میں ایرانی عوام کی ترقی کے خلاف امریکی بغض و عناد جاری ہے، حالانکہ امریکہ کو ہمیشہ ایران مخالف منصوبوں میں شکست ہوئی، لیکن یہ کبھی بھی اپنی ناکامیوں سے نہیں سیکھتا۔ ایرانی صدر نے اپنی گفتگو کے ایک حصے میں بین الاقوامی مسائل میں ایران سے تعاون کرنے پر عمان کے اصولی موقف کی تعریف کی اور ساتھ ہی جمہوری اسلامی ایران کے منصفانہ حق کے حصول پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بعض بین الاقوامی اور علاقائی طاقتیں مسلسل بات چیت کا پیغام دیتی رہتی ہیں، لیکن عملی طور پر ان کے قول و فعل میں تضاد ہے اور ایک وقت ایسا آئے گا، جب ان کی یہ منافقت، ان کو رسوا کروائے گی۔

اس ملاقات میں عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسعیدی نے بھی علاقائی مسائل میں ایران کے موقف کی تعریف کی اور خطے کے ممالک کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ کے لئے آیت الله رئیسی کی کوششوں کو سراہا۔ عمان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ تہران اور مسقط کے تعلقات دیگر ممالک کے مقابلے میں مثالی ہیں اور ہم مختلف شعبوں میں ان تعلقات کا تسلسل اور ترقی چاہتے ہیں۔ بدر البوسعیدی نے ایران پر پابندیوں کے خاتمے کے مذاکرات میں تہران کے موقف کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ایران کی ثابت قدمی اور دیانتدارانہ رویئے کے مثبت نتائج حاصل ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 1025590
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش