0
Saturday 19 Nov 2022 21:09

مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر ایم ڈبلیو ایم قائدین کا اظہار تعزیت

مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر ایم ڈبلیو ایم قائدین کا اظہار تعزیت
اسلام ٹائمز۔ دارالعلوم کراچی اور وفاق المدارس العربیہ کے مہتمم مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر مجلس وحدت مسلمین کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سمیت دیگر مرکزی وصوبائی قائدین نے افسوس اورتعزیت کا اظہار کیا ہے۔ میڈیا سیل سے جاری اپنے مشترکہ تعزیتی پیغام میں چیئرمین ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ممتاز عالم دین مفتی محمد رفیع عثمانی کی وفات پر دلی غم اور دکھ کا اظہار اور غمزدہ خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہیں، مفتی اعظم محمد رفیع عثمانی کی اعلیٰ علمی و دینی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا، علمی حلقوں میں انکی شخصیت کو نمایاں مقام حاصل تھا۔ وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا کہ معروف عالم دین مفتی اعظم محمد رفیع عثمانی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار اور آپ کے خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہیں، تحریر و تحقیق کے شعبہ میں آپ کی عالمانہ خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیوایم  سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ جامعہ دارالعلوم کراچی کے رئیس مفتی محمد رفیع عثمانی کے انتقال پر دلی رنج و غم جبکہ پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں آپ کی وفات سے ملک ایک معتدل اور بلند پایہ عالم دین سے محروم ہوگیا ہے، مولانا کی اسلام کے لئے گراں قدر خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ علامہ باقر عباس زیدی نے کہا کہ مفتی رفیع عثمانی کا شمار علمی حلقوں کی بلند قامت شخصیات میں ہوتا تھا، دارالعلوم جیسی جدید و شاندار درسگاہ ان کی علم دوستی کی بہترین مثال ہے، ان کے پسماندگان کو اس عظیم سانحہ ارتحال پر تعزیت وتسلیت پیش کرتے ہیں۔ علامہ صادق جعفری نے کہا کہ مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مفتی رفیع عثمانی کی اشاعت دین کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں وہ ایک معتدل عالم دین تھے، خدا مرحوم کی مغفرت فرمائے۔
خبر کا کوڈ : 1025596
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش