QR CodeQR Code

دہشت گرد گروہ پی کے کے سی آئی اے کی پیداوار ہے، ترکی

19 Nov 2022 22:07

ترکی کے وزیر داخلہ سلیمان سویلو نے امریکہ کو دہشت گرد گروہوں کی تشکیل کے ذریعے خطے میں دہشت گردی کو فروغ دینے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرد دہشت گرد گروہ پی کے کے بھی امریکی جاسوسی ادارے سی آئی اے کی پیداوار ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مہر نیوز ایجنسی کے مطابق ترکی کے وزیر داخلہ سلیمان سویلو نے ایک بار پھر امریکہ کو خطے میں سرگرم دہشت گرد گروہوں کا حامی اور مددگار قرار دیا ہے۔ انہوں نے اس بارے میں کہا: "پی کے کے ایک دہشت گرد گروہ ہے جو امریکہ کی سنٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کی پیداوار ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ ترکی کی پیپلز پارٹی بھی دراصل پی کے کے کی ہی سیاسی شاخ ہے۔ سلیمان سویلو نے حال ہی میں استنبول کی ایک سڑک پر دہشت گردانہ بم دھماکے میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار شخص احلام البشیر کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا: "ترکی کی سکیورٹی فورسز نے اس ملزم کو پکڑنے کیلئے چودہ گھروں کی تلاشی لی ہے۔"
 
ترکی کے وزیر داخلہ سلیمان سویلو نے کہا: "ہماری فورسز تیرہ گھروں کی تلاشی لے چکی تھیں اور ہم بہت پریشان تھے کہ کہیں وہ ہمارے ہاتھوں سے بھاگ نکلنے میں کامیاب تو نہیں ہو گیا لیکن آخرکار ہم نے اسے پکڑ لیا۔" سلیمان سویلو استنبول کی استقلال روڈ پر دہشت گردانہ بم دھماکے میں پی کے کے کو ملوث گردان رہے ہیں جبکہ پی کے کے نے اس الزام کی تردید کی ہے۔ پی کے کے کے ایک اعلی سطحی رہنما نے اپنے بیانیے میں کہا کہ ہم اس دھماکے میں ملوث نہیں ہیں۔ یاد رہے حال ہی میں استنبول میں استقلال روڈ پر دہشت گردانہ بم حملے میں کم از کم 6 افراد جاں بحق اور 81 زخمی ہو گئے تھے۔ بعض ذرائع اس بم حملے میں داعش کے ملوث ہونے کا امکان ظاہر کر رہے تھے لیکن ترکی کے سرکاری ذرائع نے اس کی ذمہ داری کرد دہشت گرد گروہ پی کے کے پر عائد کی ہے۔


خبر کا کوڈ: 1025608

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1025608/دہشت-گرد-گروہ-پی-کے-سی-آئی-اے-کی-پیداوار-ہے-ترکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org