QR CodeQR Code

ایرانی قوم مسلمان قوم ہے، قرآن اور امام حسینؑ کی قوم ہے

یقینی طور پر جلد شیطانی حرکتوں کی بساط لپیٹ دی جائے گی، آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای

ایرانی قوم، زیادہ قوت اور نئے جذبے کے ساتھ میدان میں قدم بڑھائے گی

19 Nov 2022 22:36

اصفہان سے آنے والے سینکڑوں لوگوں سے ملاقات کے دوران رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ ایران میں ایک نظام نے مذہب اور مذہبی جمہوریت کی بنیاد پر اپنے عوام کو حقیقی تشخص عطا کیا ہے اور درحقیقت مغرب کے لبرل ڈیموکریسی کے نظریے کو باطل کردیا ہے، امریکی اور یورپی حکومتیں میدان میں آ رہی ہیں لیکن وہ ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں، جیسا کہ اس سے پہلے بھی وہ ہمارا کچھ نہیں بگاڑ پائیں تھیں، مستقبل میں بھی کچھ نہیں بگاڑ پائيں گی۔


اسلام ٹائمز۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ سامراج ایرانی قوم کے مقابلے میں اپنی نظریاتی صف آرائی میں، ایران دشمنی میں شدت پیدا کرکے عوام خاص طور پر جوانوں کے ذہنوں میں مایوسی اور تعطل کی سوچ ڈالنے کے لئے اپنے تمام وسائل استعمال کر رہا ہے، اسلامی جمہوریہ سے سامراج کو اصل تکلیف یہ ہے کہ اگر اسلامی جمہوریہ پیشرفت کرے اور دنیا میں اس کا نام روشن ہو تو مغربی دنیا کی لبرل ڈیموکریسی کا نظریہ سوالوں کے گھیرے میں آ جائے گا۔ تہران میں اصفہان سے آنے والے سینکڑوں لوگوں سے ملاقات کے دوران آيت اللہ العظمی خامنہ ای نے سوال کیا کہ "ہم کس طرح پیشرفت کریں؟" پھر اس کے جواب میں فرمایا کہ پیشرفت کے لئے متعدد وسائل کی ضرورت ہوتی ہے لیکن پیشرفت کا سب سے اہم وسیلہ، امید ہے اور اسی لئے دشمن نے اپنی پوری طاقت و توانائی، لوگوں میں مایوسی اور تعطل کا احساس پیدا کرنے پر مرکوز کر رکھی ہے۔ انہوں نے ایران دوستی کا ایک اشاریہ، امید آفرینی کو بتایا اور کہا کہ جو لوگ مایوسی اور تعطل کا احساس پھیلاتے ہیں، وہ ایران کے دشمن ہیں، وہ ایران سے دوستی کا دعوی نہیں کر سکتے۔

انہوں نے لبرل ڈیموکریسی کی بیانیہ کے ذریعے پوری دنیا کے مختلف ملکوں پر مغرب کا تسلط قائم کئے جانے کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ پچھلی تین صدیوں میں مغرب نے آزادی کے فقدان یا ڈیموکریسی کے فقدان کے بہانے ملکوں کے وسائل کو لوٹا اور تہی دست یورپ، بہت سے امیر ملکوں کو مٹی میں ملا کر مالامال ہوگيا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ایران میں ایک نظام نے مذہب اور مذہبی جمہوریت کی بنیاد پر اپنے عوام کو حقیقی تشخص عطا کیا ہے، انہیں حقیقی حیات عطا کی ہے اور درحقیقت مغرب کے لبرل ڈیموکریسی کے نظریے کو باطل کردیا ہے۔ انہوں نے آزادی اور جمہوریت کے نام پر مختلف ملکوں میں آزادی اور جمہوریت کے خلاف اقدام کو مغرب کا حربہ بتایا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان اس کا ایک واضح نمونہ ہے جس پر امریکیوں نے عوامی حکومت نہ ہونے کے بہانے فوجی حملہ کیا لیکن بیس سال تک جرائم اور لوٹ مار کے بعد وہی حکومت اقتدار میں آگئی جس کے خلاف انہوں نے اقدام کیا تھا اور پھر امریکی وہاں سے بڑے ذلت آمیز طریقے سے باہر نکلے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ اگر اسلامی جمہوریہ، امریکا اور سامراج کے مقابلے میں گھٹنے ٹیک دیتی اور ان کی منہ زوری اور غنڈہ گردی کے سامنے سر جھکا دیتے تو اس پر دباؤ کم ہوتا لیکن وہ، اسلامی جمہوریہ پر مسلط ہو جاتے۔ انہوں نے کہا کہ ان برسوں میں جب جب دنیا میں اسلامی جمہوریہ کی طاقت کا ڈنکا بجا، تب تب اسلامی نظام کو نقصان پہنچانے کے لئے دشمن کی کوششوں میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب کے ایک حصے میں کہا کہ آج ہمارے ملک کا بنیادی چیلنج، "پیشرفت، ٹھہراؤ، ایک جگہ جم جانا اور رجعت پسندی" ہے کیونکہ ہم پیشرفت کر رہے ہیں لیکن سامراجی طاقتیں، ایران کی ترقی و پیشرفت سے طیش اور اضطراب میں آجاتی ہیں اور پیچ و تاب کھانے لگتی ہیں، اسی غصے اور اضطراب کی وجہ سے امریکی اور یورپی حکومتیں میدان میں آ رہی ہیں لیکن وہ ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں، جیسا کہ اس سے پہلے بھی وہ ہمارا کچھ نہیں بگاڑ پائیں تھیں، مستقبل میں بھی کچھ نہیں بگاڑ پائيں گی۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ ایران اور سامراج کے درمیان بنیادی جنگ میں، امریکا، فرنٹ لائن پر ہے جبکہ یورپ، امریکا کے پیچھے کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد کے برسوں میں سبھی امریکی سربراہان مملکت، اسلامی جمہوریہ ایران کے مقابلے میں کھڑے ہوئے اور انہوں نے اپنے پالتو اور کٹکھنے کتے یعنی صیہونی حکومت اور بعض علاقائی ممالک سمیت جس سے بھی ممکن ہوا مدد لی۔ انہوں نے کہا کہ ان ساری کوششوں کے باوجود، مجموعی طور پر ایرانی قوم کے دشمنوں کو منہ کی کھانی پڑی۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب کے ایک حصے میں، ایران کے حالیہ ہنگاموں کی اسکرپٹ لکھنے والوں کا اصل ہدف، قوم کو میدان میں لانا بتایا اور کہا کہ اب جب وہ عوام کو میدان میں نہیں لاسکے تو شرانگیزی پر اتر آئے ہیں تاکہ عہدیداروں اور ذمہ داروں کو تھکا دیں لیکن یہ ان کی غلط فہمی ہے کیونکہ ان کی ان شیطانی حرکتوں سے عوام، بیزار ہوجائيں گے اور ان سے مزید نفرت کرنے لگیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یقینی طور پر شیطانی حرکتوں کی بساط لپیٹ دی جائے گی اور ایرانی قوم، زیادہ قوت اور نئے جذبے کے ساتھ ملک کی پیشرفت کے میدان میں قدم بڑھائے گی۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے دھمکیوں اور خطروں کو مواقع میں تبدیل کرنے کی صلاحیت کو، ایک باایمان قوم کی فطرت کا حصہ بتایا اور حالیہ ہفتوں میں ہونے والی پیشرفت اور آگے کی جانب بڑھائے جانے والے قدموں کے کچھ نمونوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلڈ کینسر کے علاج کے لئے ایک نئے طریقے تک ایرانی سائنسدانوں کی رسائی، تیل اور گيس نکالنے کی ایک پیشرفتہ مقامی مشین کی ایجاد، سیستان و بلوچستان کے ایک حصے میں ریلوے لائن کا افتتاح، جو شمال سے جنوب کی جانب ریلوے نیٹ ورک کا ایک اہم حصہ ہے، کئی بڑے کارخانوں کا افتتاح، ملک سے باہر پہلی ریفائنری کا افتتاح، چھ بجلی گھروں کا افتتاح، دنیا کے سب سے بڑے ٹیلی اسکوپس میں سے ایک کی رونمائی، سیٹیلائٹ کیریئر راکٹ کو خلاء میں بھیجنا اور ایک نئے میزائل کی رونمائی، یہ سب بلندی کی جانب ملک کے سفر کے نمونے ہیں اور یہ سب کچھ اس وقت انجام پایا ہے جب دشمن، ہنگاموں کے ذریعے ان میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے کہا کہ ان ہنگاموں کی وجہ سے ایک اور موقع یہ حاصل ہوا کہ ان سے، ہنگاموں کے ہدایتکاروں اور ایرانی قوم کی حمایت کے دعویداروں کا چہرہ پوری طرح بے نقاب ہوگيا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم کے تمام مطالبات اور مقدسات سے دشمنی یعنی اسلام سے دشمنی، قرآن سوزی، مسجد کو نذر آتش کرنا، ایران سے دشمنی، ایران کے پرچم کو نذر آتش کرنا، قومی ترانے کی بے حرمتی جیسی حرکتوں نے ہنگاموں کے منصوبہ سازوں کے حقیقی چہرے سے نقاب الٹ دی۔ انہوں نے کہا کہ وہ دعویٰ کرتے ہیں کہ ایرانی قوم کے حامی ہیں جبکہ ایرانی قوم، مسلمان قوم اور قرآن اور امام حسینؑ کی قوم ہے، تو جو لوگ امام حسینؑ، اربعین امام حسینؑ اور اس کے ملین مارچ کی توہین کرتے ہیں، بے حیائی کا مظاہرہ کرتے ہیں، کیا وہ ایرانی قوم کے حامی ہیں؟

آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اسی طرح اپنے خطاب کے ایک حصے میں صوبہ اصفہان کی دو ٹاسک فورس کی حیثیت سے امام حسین (علیہ السلام) ڈویژن اور نجف ڈویژن کے کارناموں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تقریبا چوبیس ہزار شہیدوں، دسیوں ہزار جنگی مجروحین، ہزاروں جنگی قیدیوں اور ایسے سرفراز گھرانوں کا وجود جنہوں نے اسلام، انقلاب اور ایران کو دو سے سات شہیدوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، اس صوبے کے قابل فخر کارناموں کے دستاویزات اور انقلابی و جہادی تشخص کی علامتیں ہیں اور ان کی حفاظت ہر باضمیر انسان کا فرض ہے۔ انہوں نے 16 نومبر 1982ء کو اصفہان میں نکلنے والے تقریبا 360 شہیدوں کے جلوس جنازہ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ خون میں ڈوبے اتنے سارے جوانوں کے لاشے ایک پورے شہر کو غم و اندوہ سے مفلوج کرسکتے تھے لیکن اصفہانیوں نے ایمان کے بھرپور جذبے کے ساتھ، اسی دن مزید جوانوں کو محاذ جنگ پر بھیجا اور امدادی اشیاء کے اپنے بڑے بڑے کارواں جنگی علاقوں کی طرف روانہ کئے۔


خبر کا کوڈ: 1025619

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1025619/یقینی-طور-پر-جلد-شیطانی-حرکتوں-کی-بساط-لپیٹ-دی-جائے-گی-آیت-اللہ-العظمی-خامنہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org