QR CodeQR Code

ایران و روس کے روزافزوں تعلقات پر امریکی پریشانی

19 Nov 2022 23:46

بحرینی دارالحکومت منامہ میں ایک کانفرنس کے سامنے تقریر کرتے ہوئے امریکی وزارت دفاع کے نائب سربراہ نے دعوی کیا کہ ماسکو و تہران کے باہمی تعلقات میں انتہائی توسیع کے باعث خلیج فارس کے عرب ممالک کو روس سے اپنے تعلقات توڑ لینا چاہئیں


اسلام ٹائمز۔ امریکی وزارت دفاع کے مرکزی دفتر پینٹاگون کے نائب سربراہ کیلن کال نے خلیج فارس کے عرب ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ روس سے اپنے تعلقات توڑ لیں۔ تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے اپنی ایک رپورٹ میں امریکی ای مجلے بریکنگ ڈیفنس نے لکھا ہے کہ بحرینی دارالحکومت منامہ میں منعقد ہونے والی ایک کانفرنس سے امریکی وزیر دفاع کے سیاسی مشیر کیلن کال نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ تہران و ماسکو نے عسکری میدان میں اپنا باہمی تعاون انتہائی وسیع کر لیا ہے، کہا کہ خلیج فارس کے عرب ممالک اب روس سے اپنے تعلقات منقطع کر لیں۔ کیلن کال نے روس کی جانب سے ایرانی ساختہ ڈرون طیاروں کی خریداری پر مبنی اپنا بے بنیاد دعوی دہراتے ہوئے کہا کہ یوکرائنی جنگ میں استعمال کے لئے ایران سے فوجی ڈرون طیاروں کی خریداری کا روسی فیصلہ مشرق وسطی کے خطے پر بھی برے اثرات مرتب کرے گا۔

امریکی ڈپٹی وزیر دفاع نے دعوی کرتے ہوئے مزید کہا کہ (تہران ماسکو تعلقات کا) یہ مسئلہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور (غاصب صیہونی رژیم) اسرائیل وغیرہ کی مشترکہ سکیورٹی پریشانی ہے۔ کیلن کال نے کہا کہ اس خطے میں بعض فریقوں کا خیال ہے کہ ایک ایسے وقت میں کہ جب روس ایرانی ڈرون طیاروں کو یوکرائنی شہروں پر حملے کے لئے استعمال کر رہا ہے، پیوٹن کے ساتھ تعاون، ماسکو و تہران کے درمان جدائی ڈالنے میں موثر واقع ہو سکتا ہے۔ اس حوالے سے اپنی گفتگو کے آخر میں امریکی ڈپٹی وزیر دفاع نے نتیجہ اخذ کرتے ہوئے کہا کہ تاہم یہی طریقہ کار شام میں جہاں شامی صدر بشار اسد کی حمایت میں ایران و روس کا باہمی تعاون جاری تھا، عملی نتیجہ فراہم نہیں کر سکا لہذا بعيد نظر آتا ہے کہ یہ طریقہ کار یہاں کارآمد ثابت ہو گا۔


خبر کا کوڈ: 1025633

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1025633/ایران-روس-کے-روزافزوں-تعلقات-پر-امریکی-پریشانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org