QR CodeQR Code

نتین یاہو کی کابینہ فلسطینیوں کے حملوں کو نہیں روک سکتی، صیہونی میڈیا کا اعتراف

20 Nov 2022 18:53

اپنے کالم میں صیہونی صحافی نے لکھا کہ اسرائیلی سکیورٹی اداروں کے پاس فلسطینیوں کے انفرادی حملوں کو روکنے کا کوئی ذریعہ نہیں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اسرائیل کے اخبارات نے اعتراف کیا ہے کہ بنیامین نتین یاہو کی سربراہی میں نئی صیہونی کابینہ دریائے اردن کے مغربی کنارے میں یہودی آباد کاروں اور فوجیوں کے خلاف فلسطینی مقاومت کے حملے نہیں روک سکتی۔ فلسطینی اطلاعاتی مرکز کے مطابق، آج معروف صیہونی اخبار کے خبرنگار "ایوسی یهوشوا" نے لکھا کہ اسرائیلی حکومت کی آئندہ کابینہ میں شامل وزراء کو ایسے تبصروں اور وعدوں سے گریز کرنا چاہیئے، جنہیں وہ پورا کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ جو کام موجودہ کابینہ نہیں کر پا رہی، آئندہ آنے والی کابینہ بھی اسے کرنے میں ناکام رہے گی اور نہ ہی فلسطینیوں کے حملوں کو روک پائے گی۔ مذکورہ صیہونی صحافی نے کہا کہ اسرائیلی سکیورٹی اداروں کے پاس فلسطینیوں کے انفرادی حملوں کو روکنے کا کوئی ذریعہ نہیں ہے۔

ایوسی یهوشوا نے مزید کہا کہ اسرائیلی سکیورٹی ایجنسی "شاباک"، فوج اور فلسطینی اتھارٹی کی سکیورٹی سروسز نے مشترکہ طور پر کوشش کی کہ کسی طرح دریائے اردن کے مغربی کنارے میں "نابلس" سے مقاومتی گروہ "عرین الاسود" کا خاتمہ کرے، لیکن وہ ناکام رہے۔ واضح رہے کہ ان دنوں مقبوضہ فلسطین بالخصوص مغربی کنارے کے حالات بہت حیران کن ہیں اور فلسطینی حریت پسند، صیہونیوں کے ان گنت جرائم کا ہر ممکنہ طریقے سے جواب دیتے ہیں، جس سے غاصب صیہونیوں کے لیے مشکل حالات پیدا ہوگئے ہیں۔ اس سے پہلے صیہونی صرف مقبوضہ فلسطین کے جنوب اور غزہ میں فلسطینیوں کے ساتھ برسرپیکار تھے، لیکن فلسطینی جوانوں کے مسلح ہونے کی وجہ سے مغربی کنارہ بزدل صیہونیوں کی کمین گاہ بن چکا ہے۔ اس امر نے ان سے راتوں کی نیند چھین لی ہے۔


خبر کا کوڈ: 1025786

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1025786/نتین-یاہو-کی-کابینہ-فلسطینیوں-کے-حملوں-کو-نہیں-روک-سکتی-صیہونی-میڈیا-کا-اعتراف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org