0
Sunday 20 Nov 2022 18:56

احسن عباس رضوی آئندہ تین سال کیلئے دوبارہ ایم ڈبلیو ایم ضلع ملیر کے صدر منتخب

احسن عباس رضوی آئندہ تین سال کیلئے دوبارہ ایم ڈبلیو ایم ضلع ملیر کے صدر منتخب
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کا راہیان کربلا کنونشن و انٹراپارٹی الیکشن برائےضلعی صدر سال 2022-25ء مسجد حسنین جعفرطیار سوسائٹی ملیر میں صوبائی صدر علامہ سید باقر عباس زیدی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ کنونشن میں مولانا گلزار حسین شاہدی، احسن عباس رضوی اور شعیب رضا کے نام صدارتی انتخاب کیلئے پیش کئے گئے۔ اجلاس میں اراکین ضلعی شوریٰ نے کثرت رائے سے سید احسن عباس رضوی کو آئندہ تین سال کیلئے دوبارہ ایم ڈبلیو ایم ضلع ملیر کا صدر منتخب کرلیا۔ صوبائی صدر علامہ باقر عباس زیدی نے نومنتخب ضلعی صدر سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ علامہ باقر زیدی نے خطاب کرتے ہوئے عہدیداران کو تنظیمی ڈھانچے کی مزید مضبوطی اور ضلع و یونٹ سطح پر موضوعاتی کتب کے اسٹڈی سرکل کے انعقاد کی تاکید کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیا تنظیمی سیٹ اپ دستوری تقاضوں کو پورا کرنے کی بھرپور کوشش کرے گا، مجلس وحدت مسلمین ملت مظلوم کی نمائندہ سیاسی و مذہبی جماعت ہے جو کہ ظلم و استبداد کے مقابل ہمیشہ آہنی دیوار بنی رہی ہے۔  

نومنتخب ضلعی صدر ایم ڈبلیو ایم ملیر سید احسن عباس رضوی نے تقریب حلف برداری کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار پھر اعتماد کے اظہار پر ضلعی شوریٰ کے اراکین کا مشکور ہوں، ایم ڈبلیو ایم ایک دینی و الہیٰ جماعت ہے جس کا دستور راہ نما اور راہ کشا ہے، ہر کارکن خودسازی پر خصوصی توجہ دے، عبادات اور مناجات سمیت اجتماعی فعالیت میں خدائی رنگ کو ملحوظ خاطر رکھے، امید ہے کہ تمام عہدیداران اور کارکنان پہلے سے زیادہ انتھک محنت اور جستجو کے ساتھ تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردارادا کریں گے۔ اجلاس میں صوبائی رہنما ناصر الحسینی، علی احمر زیدی،حیدر زیدی، ڈویژنل صدر علامہ صادق جعفری، ڈویژنل نائب صدر علامہ نشان حیدر ساجدی، زین رضا رضوی، عباس جعفری، صدر مجلس علمائے شیعہ پاکستان ضلع ملیر مولانا سید اعجاز علی شاہ کاظمی سمیت دیگر معززین شریک تھے۔
خبر کا کوڈ : 1025787
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش