0
Monday 21 Nov 2022 13:25

ترکیہ کے شام میں کرد پارٹی کے ٹھکانوں پر بمباری، 12 ہلاکتیں

ترکیہ کے شام میں کرد پارٹی کے ٹھکانوں پر بمباری، 12 ہلاکتیں
اسلام ٹائمز۔ ترکیہ نے استنبول بم دھماکے میں کرد پارٹی کے ملوث ہونے پر شام میں ان کے ٹھکانوں پر فضائی بمباری کی، مانیٹرنگ گروپ نے حملے میں 12 جنگجوؤں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکیہ کے وزیر دفاع نے اپنی ٹویٹ میں نہایت سخت زبان استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ سب کچھ ملبہ بنانے کی گھڑی آچکی ہے۔ انھوں نے ناشائستہ الفاظ استعمال کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ان کو اپنے حملوں کی بڑی قیمت ادا کرنا ہوگی۔ ترک وزیر دفاع نے اس ٹویٹ کے ساتھ ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں ایک لڑاکا طیارے کو اُڑان بھرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس کے بعد اپنی اگلی ٹوئٹس میں انھوں نے بتایا کہ ٹھیک ٹھیک نشانے لے کر دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کردیئے۔

ترکیہ کے فوجی ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ حملے میں کرد پارٹی کے اسلحہ خانے، خندقیں، فیکٹری، تربیت گاہ اور کمین گاہوں کو مٹی کا ڈھیر بنادیا گیا۔ یہ کارروائی استنبول بم دھماکے کے جواب میں کی گئی۔ ترکیہ کی جانب سے بمباری میں ہلاکتوں سے متعلق کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا لیکن شام میں جنگ کو مانیٹر کرنے والے برطانوی ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ ترکیہ کے حملے میں 12 اہلکار مارے گئے جن میں کرد جنگجو اور شامی فوجی بھی شامل ہیں۔ شام کی جانب سے ترکیہ کے اس حملے پر تاحال کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔
خبر کا کوڈ : 1025930
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش