QR CodeQR Code

ترکیہ کے شام میں کرد پارٹی کے ٹھکانوں پر بمباری، 12 ہلاکتیں

21 Nov 2022 13:25

ترک وزیر دفاع نے اپنی ٹویٹ میں نہایت سخت زبان استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ سب کچھ ملبہ بنانے کی گھڑی آچکی ہے۔ انھوں نے ناشائستہ الفاظ استعمال کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ان کو اپنے حملوں کی بڑی قیمت ادا کرنا ہوگی۔


اسلام ٹائمز۔ ترکیہ نے استنبول بم دھماکے میں کرد پارٹی کے ملوث ہونے پر شام میں ان کے ٹھکانوں پر فضائی بمباری کی، مانیٹرنگ گروپ نے حملے میں 12 جنگجوؤں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکیہ کے وزیر دفاع نے اپنی ٹویٹ میں نہایت سخت زبان استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ سب کچھ ملبہ بنانے کی گھڑی آچکی ہے۔ انھوں نے ناشائستہ الفاظ استعمال کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ان کو اپنے حملوں کی بڑی قیمت ادا کرنا ہوگی۔ ترک وزیر دفاع نے اس ٹویٹ کے ساتھ ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں ایک لڑاکا طیارے کو اُڑان بھرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس کے بعد اپنی اگلی ٹوئٹس میں انھوں نے بتایا کہ ٹھیک ٹھیک نشانے لے کر دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کردیئے۔

ترکیہ کے فوجی ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ حملے میں کرد پارٹی کے اسلحہ خانے، خندقیں، فیکٹری، تربیت گاہ اور کمین گاہوں کو مٹی کا ڈھیر بنادیا گیا۔ یہ کارروائی استنبول بم دھماکے کے جواب میں کی گئی۔ ترکیہ کی جانب سے بمباری میں ہلاکتوں سے متعلق کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا لیکن شام میں جنگ کو مانیٹر کرنے والے برطانوی ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ ترکیہ کے حملے میں 12 اہلکار مارے گئے جن میں کرد جنگجو اور شامی فوجی بھی شامل ہیں۔ شام کی جانب سے ترکیہ کے اس حملے پر تاحال کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔


خبر کا کوڈ: 1025930

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1025930/ترکیہ-کے-شام-میں-پارٹی-ٹھکانوں-پر-بمباری-12-ہلاکتیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org