0
Monday 21 Nov 2022 15:42

پاک فوج کو افواہ سازی اور پروپیگنڈے کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، طاہر اشرفی

سیاسی و مذہبی جماعتیں باہمی اتحاد سے میثاقِ پاکستان بنائیں، لاہور میں کانفرنس سے خطاب
پاک فوج کو افواہ سازی اور پروپیگنڈے کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، طاہر اشرفی
اسلام ٹائمز۔ جامعہ منظورالسلامیہ لاہور کینٹ میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمين پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیراعظم پاکستان برائے بین المذاھب ہم آہنگی ومشرقی وسطی حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کو باہمی اتحاد سے میثاق پاکستان بنانا چاہئے۔ پاکستان میں مذہںبی طبقے نے پیغام پاکستان کے ذریعے پوری دنیا کو باہمی رواداری کا مظاہرہ کرکے دکھایا، بڑھتے ہوئے تشدد اور عدم رواداری کے خاتمے کے بارے میں سب کو سوچنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج اور سلامتی کے اداروں کو افواہ سازی اور پروپیگنڈا سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ کوئی افواج سے زیادہ عزیز ہے تو اپنے دل سے یہ خیال نکال دے، فوج اور سلامتی کے اداروں کے ذریعے ملک سے دہشتگردی ختم ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کئی راتیں کئی دن علماء کیساتھ بیٹھ کر پیغام پاکستان کیلئے کردار ادا کیا۔ طاہر اشرفی نے پاکستان کی مستقبل کے بارے بات کرتے ہوئے کہا کہ جو اسوقت صورتحال ہے کیا پاکستان ترقی کر سکتا ہے جبکہ 22 کروڑ عوام کا مستقبل باہمی مفاہمت سے مربوط ہے۔ انہوں نے عمران خان پر ہونیوالے حملے کے بارے میں کہا کہ جو بھی سپہ سالار ہوگا وہ پاکستان کا سپہ سالار ہوگا، پاکستان کی سرحدوں کا سپہ سالار ہوگا، دنیا میں جہاں فوج مضبوط ہے پاکستان ان میں سے ایک ہے اور بغیر کسی حد بندی کے جعلی پروپیگنڈا کرنے سے جو کچھ ہو رہا ہے، اس کا ملک کو نقصان ہو رہا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان میں داخلی استحکام آ جائے تو ملک میں 25 سے 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آ سکتی ہے، لیکن پاکستان میں بنا ثبوتوں کے الزام اور بہتان لگانے کا سلسلہ جاری ہے۔ عمران خان پر حملے اور اعظم سواتی کیساتھ جو واقعہ ہوا اور ارشد شریف کا قتل، ہم سب کی مذمت کرتے ہیں، لیکن بنا ثبوتوں کے الزام لگانا بھی درست نہیں۔ ہم صدرمملکت سے کہتے ہیں کہ مذاکرات میں تیزی لائیں۔ پرویزالہی سے بھی مذاکرات کا کہتے ہیں۔ مولانا طاہر اشرفی نے ارشد شریف کے حوالے سے کہا کہ ارشد شریف کے کیس کو سیاسی کیس کون بنا رہا ہے؟ انڈین را کا ہیڈ کوارٹر کینیا میں ہے اور ارشد شریف کے قتل کا مقصد ملک میں انارکی پھیلانا ہے، لیکن بڑے افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ ارشد شریف کے کیس پر سیاست کی جا رہی ہے اگر شواہد ہیں تو عدالت میں کیوں نہیں جاتے۔
 
طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ اللہ کرے کہ پاکستان کی عدالتیں اتنی مضبوط ہوں کہ دس دس سال انتظار نہ کرنا پڑے اور عمران خان کو ملک کی دیگر جماعتوں سے مذاکرات کرنے چاہئے اور اداروں سے تعلق اپنے انداز کو تبدیل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھیوں کو چاہئے کہ سوشل میڈیا پر افواہ سازی پر نہ جائیں اور گالم گلوچ سے اجتناب کریں۔ ہماری مائیں قبروں میں ہیں آپ ان کو بھی معاف نہیں کرتے۔ عمران خان تو اپنی ماں سے محبت کرتے ہوئے ہسپتال بنا دیتے ہیں مگر ان کے فالوور دوسروں کی ماؤں کو گالیاں دیتے ہیں، عمران خان کو انہیں روکنا اور سمجھانا چاہئے اور خان صاحب کہتے ہیں کہ جہاد کیلئے نکلے ہیں، تو پھر حافظ سعید، مولانا مسعود اظہر، فضل الرحمن کو بھی اجازت دے دیں کہ جتھہ لائیں اور اسلام آباد پر قبضہ کر لیں اور اصل جہاد کرنے والوں پر آپ نے پابندیاں لگا دیں، انہیں بھی پھر جہاد کرنے دیں پھر دیکھ لیں کون کتنا بھاری ہے۔
خبر کا کوڈ : 1025950
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش