QR CodeQR Code

صوبائی امیر کو اختیار نہیں میری رکنیت ختم کرے، انکو ٹکٹ میں نے دی، مولانا نور اللہ

21 Nov 2022 22:04

قلعہ سیف اللہ میں پارٹی اراکین سے خطاب کرتے ہوئے مولانا نور اللہ نے کہا کہ صوبائی امیر میری پارٹی رکنیت ختم کرنیکا اختیار نہیں رکھتے۔ متحدہ مجلس عمل کے صدر کی حیثیت سے میں نے خود انہیں قومی اسمبلی کی نشست کیلئے ٹکٹ دی۔


اسلام ٹائمز۔ جے یو آئی کے رکن اسمبلی مولانا نور اللہ نے کہا ہے کہ جمعیت کے صوبائی امیر میری پارٹی رکنیت ختم کرنے کا اختیار نہیں رکھتے۔ متحدہ مجلس عمل کے صدر کی حیثیت سے میں نے خود انہیں قومی اسمبلی کی نشست کیلئے ٹکٹ دی ہے۔ میری رکنیت جے یو آئی کے مرکزی رہنما مولانا فضل الرحمان ختم کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علما اسلام کے مرکزی رہنما اور رکن بلوچستان اسمبلی مولانا نور اللہ نے قلعہ سیف اللہ میں پارٹی اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر نے پارٹی کو دیوار سے لگایا ہے۔ اقربا پروری صوبائی امیر کی قیادت میں عروج پر ہے۔ انکا کہنا تھا کہ جمعیت کے صوبائی امیر نے پارٹی دستور کا مذاق بنایا ہے۔ یہ کہاں کا دستور ہے کہ اپنی ذاتی عناد اور انانیت کی بنیاد پر مخلص اور نظریاتی ورکرز کی رکنیت ختم کی جائے۔

مولانا نور اللہ نے مزید کہا کہ جے یو آئی کے صوبائی امیر کی بدولت جمعیت نے بلدیاتی انتخابات میں اکثریت کھو دی۔ صوبائی امیر نے خود جمعیت کے دستور کے ہر دفعہ کی مخالفت کی ہے۔ وہ خود پارٹی سے خارج متصور ہے۔ مولانا نور اللہ نے کہا کہ جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر نے 2018 کے الیکشن میں برملا جمعیت کے دستور اور مرکزی رہنما مولانا فضل الرحمان کے حکم کی مخالفت کرتے ہوئے انتخابات میں دوسری جماعت کے امیدوار کو سپورٹ کیا۔ وہ خود دستور شکن ہیں۔ مولانا نور اللہ نے جمعیت علما اسلام کے رہنما مولانا فضل الرحمان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فی الفور صوبائی امیر کا احتساب کرے۔ ہمارا مقام جے یو آئی اور غریب کارکنوں کی وجہ سے بنا ہے۔ صوبائی امیر جماعت کو متحد کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ وہ خود جمعیت کو انتشار کی طرف گامزن کرنے کے پے در پے ہیں۔ ہم اپنے قائد مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں متحد ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1026013

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1026013/صوبائی-امیر-کو-اختیار-نہیں-میری-رکنیت-ختم-کرے-انکو-ٹکٹ-میں-نے-دی-مولانا-نور-اللہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org