QR CodeQR Code

آزادکشمیر الیکشن کمیشن کا بلدیاتی انتخابات تین مراحل میں کرانے کا اعلان

22 Nov 2022 10:41

عبدالرشید سلہریا نے پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آزادکشمیرکے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے ڈویڑن کی سطح پہ مرحلہ وار انتخابات کرائے جائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے بیک وقت بلدیاتی انتخابات منعقد کرانے کے بجائے ڈویڑن کی سطح پر مرحلہ وار انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔ چیف الیکشن کمیشن کمشنر آزادکشمیر عبدالرشید سلہریا نے پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آزادکشمیرکے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے ڈویڑن کی سطح پہ مرحلہ وار انتخابات کرائے جائیں گے۔ جس کے تحت مظفرآباد ڈویڑن میں بلدیاتی انتخابات 27نومبر، پونچھ ڈویڑن میں 3دسمبر اور میرپور ڈویڑن میں 8دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ اگر اپوزیشن جماعتوں نے مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کو تسلیم نہ کرنے اور بائیکاٹ کا اعلان کیا تو ہی اس معاملے کو دیکھا جائے گا۔ کشمیر حکومت کی طرف سے مطلوبہ تعداد میں سکیورٹی اہلکاران کی عدم فراہمی کی صورت میں الیکشن کمیشن نے آزادکشمیر میں27نومبر کو بیک وقت بلدیاتی انتخابات منعقد کرانے کے بجائے ڈویڑن کی سطح پر تین مراحل میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے مطابق 27نومبر کو مظفر آباد ڈویڑن میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے۔

اس موقع پر سینئر ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ مطلوبہ تعداد میں سکیورٹی اہلکار مہیا نہ ہونے کی صورت میں الیکشن کمیشن کے پاس اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے کہ مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ مطلوبہ تعداد میں سکیورٹی اہلکار مہیا کرنا آزادکشمیر حکومت کی ذمہ داری ہے، مطلوبہ تعداد میں سکیورٹی اہلکار مہیا نہ کئے جانے کی صورت میں مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات منعقد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔  واضح رہے کہ آزادکشمیر کی دونوں بڑی اپوزیشن جماعتوں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز نے پہلے ہی آزادکشمیر میں مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز کو مسترد کر دیا تھا۔ اپوزیشن جماعتوں کا موقف ہے کہ مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے عوامی رائے عامہ متاثر ہو سکتی ہے اور یہ کہ پی ٹی آئی  حکومت سرکاری وسائل اور سرکاری حیثیت سے بلدیاتی انتخابات پہ اثر انداز ہو سکتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 1026090

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1026090/آزادکشمیر-الیکشن-کمیشن-کا-بلدیاتی-انتخابات-تین-مراحل-میں-کرانے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org