QR CodeQR Code

فلسطینی مزاحمتکاروں کا صیہونی فوجیوں پر مسلح حملہ

22 Nov 2022 16:41

اپنے بیان میں احمد المدلل کا کہنا تھا کہ مقاومتی فورسز قابض حکومت سے جھڑپوں اور جنگی ہتھیاروں میں وسعت پیدا کرنے کا مصمم ارادہ کرچکی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطین کی مقاومتی تحریک "جہاد اسلامی" کے عسکری ونگ نے اعلان کیا ہے کہ "جنین" اور "نابلس" کے اطراف میں فلسطینی شہریوں نے صیہونی فوجیوں پر گولیاں برسا دیں۔ جہاد اسلامی کے عسکری ونگ "سرایا القدس" نے خبر دی ہے کہ آج منگل کی صبح انہوں نے نابلس اور جنین شہر کے اطراف میں اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اس حوالے سے سرایا القدس نے بتایا کہ آج صبح صیہونی فوجی جنین شہر کے جنوبی علاقے "عنزا" میں داخل ہوئے، جہاں پر مقاومتی گروہ نے ان کا مقابلہ کرتے ہوئے اُن پر فائرنگ کر دی۔ اس مقاومتی گروہ نے خبر دی ہے کہ فلسطینی مقاومتی فورسز نے اسرائیلی فوجیوں کو نابلس کے قریب "بیت فورک" چوکی پر اپنا نشانہ بنایا۔ اسی طرح فلسطینیوں نے "بلاطہ" کیمپ کے اطراف میں بھی صہیونیوں پر فائرنگ کر دی۔ ابھی تک صیہونی فوجیوں کی ممکنہ ہلاکتوں کے بارے میں کوئی خبر جاری نہیں کی گئی۔ لیکن گذشتہ مہینوں میں فلسطینی حملوں میں اس قدر اضافہ ہوا ہے کہ صیہونی حکام کُھلے عام مغربی کنارے پر اپنا کنٹرول کھونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہیں۔
 

اسی سلسلے میں ایک ویب نیوز نے لکھا کہ گذشتہ ماہ اکتوبر میں فلسطینی مجاہدین نے پتھروں سے لے کر آتشیں اسلحے تک ہر قسم کے ہتھیار سے مجموعی طور پر 916 مرتبہ صیہونی فوجیوں اور آباد کاروں کو نشانہ بنایا۔ اس رپورٹ کے مطابق ان حملوں میں آتشیں اسلحے سے فائرنگ، پتھراؤ، پٹرول بم پھینکنا اور دیگر اقسام کی کارروائیاں شامل ہیں۔ گذشتہ شب جہاد اسلامی کے رہنماء احمد المدلل بھی اس جانب اشارہ کرچکے ہیں کہ مقاومتی فورسز قابض حکومت سے جھڑپوں اور جنگی ہتھیاروں میں وسعت پیدا کرنے کا مصمم ارادہ کرچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقاومت کے پاس اسرائیل سے نمٹنے کے تمام آپشنز موجود ہیں، یہ مقاومت کا حق ہے اور مقاومت اپنی سرزمین، قوم اور مقدسات کے دفاع کے لیے اپنے راستے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔


خبر کا کوڈ: 1026153

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1026153/فلسطینی-مزاحمتکاروں-کا-صیہونی-فوجیوں-پر-مسلح-حملہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org