QR CodeQR Code

سندھ کے ساتھ گیس اور بجلی کے معاملات میں زیادتی ہو رہی ہے، امتیاز شیخ

22 Nov 2022 18:37

اپنے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر توانائی سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت کو توقع ہے کہ وفاقی حکومت اور وزیر اعظم پاکستان سندھ کے مسائل کو حل کریں گے، امید ہے کہ کولیشن گورنمنٹ مل کر ان مسائل کا دیرپا حل ممکن بنائے گی۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ سندھ کے ساتھ گیس اور بجلی کے معاملات میں زیادتی ہو رہی ہے۔ اپنے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کسی صورت  اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوگا، وفاق کو سندھ کے ساتھ گیس کی ڈسٹریبیوشن پر نیا معاہدہ کرنے کی ضرورت ہے، سندھ سے جتنی گیس نکل رہی ہے اس کا نصف بھی سندھ کی عوام کو میسر نہیں ہے جس سے عوام میں احساس محرومی جنم لے رہا ہے۔ امتیاز شیخ نے کہا کہ گیس کی قلت کی متعدد شکایات مل رہی ہیں، گیس قلت کا مسئلہ کئی برسوں سے چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ہماری کوئی بات نہیں سنی، کوڈ کے دوران سستی ترین گیس باہر سے تین سے چار ڈالر میں مل رہی تھی لیکن عمران حکومت نے نہیں خریدی نتیجے میں اب ہم مسائل کا شکار ہورہے ہیں کیونکہ اب بین الاقوامی مارکیٹ میں گیس بہت مہنگی مل رہی ہے۔

امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ عمران خان کو ان مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے، عمران خان نے گزشتہ سات ماہ سے ملک کو بحران میں دھکیلنے کی کوشش کی ہے، تحریک انصاف اور عمران خان کو نہ تو ملک کے مسائل کے حل سے کوئی دلچسپی ہے نہ ہی سندھ کے مسائل کے حل سے، عمران خان اور ان کی پارٹی ملک میں بحران پیدا کرنا چاہ رہے ہیں، عمران خان کی حرکتوں سے کولیشن گورنمنٹ مل کر نمٹے گی۔ بلاول بھٹو زرداری بحیثت وزیر خارجہ پاکستان، عمران خان کی ناقص پالیسیوں کا ازالہ کرنے کی کوششوں میں مصروف عمل ہیں، دوست ممالک سے دوبارہ بہتر تعلقات استوار ہورہے ہیں، سندھ حکومت کو توقع ہے کہ وفاقی حکومت اور وزیر اعظم پاکستان سندھ کے مسائل کو حل کریں گے، امید ہے کہ کولیشن گورنمنٹ مل کر ان مسائل کا دیرپا حل ممکن بنائے گی، عمران کا مارچ اور دھرنا فلاپ ہے اور فلاپ ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 1026197

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1026197/سندھ-کے-ساتھ-گیس-اور-بجلی-معاملات-میں-زیادتی-ہو-رہی-ہے-امتیاز-شیخ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org