QR CodeQR Code

شمالی عراق کے لوگ دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے دور رہیں، سپاہ پاسداران کا انتباہ

22 Nov 2022 22:49

اپنے ایک بیان میں سپاہ پاسدارن انقلاب کے کمانڈر کا کہنا تھا کہ شمالی عراق میں ایران مخالف علیحدگی پسند دہشتگرد گروہوں کے ہیڈکوارٹرز اور مراکز کیخلاف مجاہدین کے حملے اسوقت تک جاری رہیں گے، جبتک اس فتنے کو ختم اور ان قوتوں کو سختی کیساتھ غیر مسلح نہیں کردیا جاتا۔


اسلام ٹائمز۔ سپاہ پاسداران انقلاب کے بریگیڈیئر جنرل "محمد پاکپور" نے آج منگل کے دن "حمزه سیدالشهداء" رجمنٹ کی جانب سے شمالی عراق میں ایران مخالف علیحدگی پسند دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر نئے فوجی حملوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں مذکورہ رجمنٹ کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملوں کے تسلسل میں، آج دوبارہ شمالی عراق میں "پردی" کے علاقے میں دہشت گردوں اور شرپسند عناصر کے خلاف میزائل حملے کئے گئے، جس سے استعماری ایجنٹوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ بریگیڈیئر جنرل "محمد پاکپور" نے کہا کہ آج سپاہ پاسداران نے ایران میں حالیہ بدامنی اور دہشت گرد کارروائیوں کی مدد کرنے والے علیحدگی پسند گروپ (آزاد کردستان پارٹی) کے ہیڈکوارٹر اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے، اس کارروائی میں دہشت گردوں کے تمام ٹھکانے زمین بوس ہوگئے ہیں۔

سپاہ پاسداران انقلاب کے کمانڈر نے زور دے کر کہا کہ شمالی عراق میں ایران مخالف علیحدگی پسند دہشت گرد گروہوں کے ہیڈکوارٹرز اور مراکز کے خلاف مجاہدین کے حملے اس وقت تک جاری رہیں گے، جب تک اس فتنے کو ختم اور ان قوتوں کو سختی کے ساتھ غیر مسلح نہیں کر دیا جاتا۔ انہوں نے صراحت کے ساتھ کہا کہ میں ایک دفعہ پھر عراقی عوام سے مطالبہ کرتا ہوں کہ شمالی عراق میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے دور ہو جائیں۔


خبر کا کوڈ: 1026239

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1026239/شمالی-عراق-کے-لوگ-دہشتگردوں-ٹھکانوں-سے-دور-رہیں-سپاہ-پاسداران-کا-انتباہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org