QR CodeQR Code

جنوبی کوریا کا طیارہ مار گرانے والے میزائل شکن نظام کا تجربہ

22 Nov 2022 23:34

جنوبی کوریا کے میڈیا کا کہنا ہے کہ بیلسٹک میزائل شکن نظام کا تجربہ شمالی کوریا کے میزائلوں کے خلاف دفاع کو مزید مضبوط کرنے کی جانب ایک اہم ترین قدم ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جنوبی کوریا کے اینٹی بیلسٹک میزائل سسٹم نے ٹیسٹ کے دوران ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، اس جدید دفاعی نظام کا ایک ورژن فضا میں طیارے کو مار گرانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کے نئے اینٹی بیلسٹک میزائل سسٹم نے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ فروری میں بھی اس میزائل شکن نظام کا تجربہ کیا گیا تھا تاہم اس وقت کسی ہدف کو نشانہ نہیں بنایا گیا تھا۔ جنوبی کوریا کے میڈیا کا کہنا ہے کہ بیلسٹک میزائل شکن نظام کا تجربہ شمالی کوریا کے میزائلوں کے خلاف دفاع کو مزید مضبوط کرنے کی جانب ایک اہم ترین قدم ہے۔ اس دفاعی نظام کا ایک ورژن L-SAM طیارے کو فضا میں تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بیلسٹک میزائل شکن دفاعی نظام کے ایک ورژن ’’L-SAM‘‘ میں 50 سے 60 کلومیٹر تک کی اونچائی پر آنے والے میزائلوں کو بھی نشانہ بنانے کی صلاحیت ہے۔

جنوبی کوریا کے میزائل شکن دفاعی نظام کا منصوبہ 2026 تک مکمل ہوجائے گا اور یہ ملک کے دفاعی بیڑے میں شامل ہوجائے گا۔ تاہم جنوبی کوریا کی وزارت دفاع، دفاعی حصول کے پروگرام کی انتظامیہ، اور ایجنسی برائے دفاعی ترقی، جو ہتھیاروں کے تجربات کو شاذ و نادر ہی عام کرتی ہے نے اس رپورٹ کی تصدیق کرنے سے گریز کیا۔ واضح رہے کہ شمالی کوریا نے رواں برس ریکارڈ تعداد میں میزائلوں کا تجربہ کیا ہے جس میں بین البراعظمی بیلسٹک میزائل (ICBM) بھی شامل ہے جس کے باعث جنوبی کوریا، امریکا اور جاپان اپنے میزائل شکن دفاعی نظام کو بڑھانے کے لیے کوشاں ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1026248

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1026248/جنوبی-کوریا-کا-طیارہ-مار-گرانے-والے-میزائل-شکن-نظام-تجربہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org