0
Wednesday 23 Nov 2022 19:34

کرپٹ حکمرانوں سے نجات کیلئے اب آخری حد تک جائیں گے، صاحبزادہ حامد رضا

کرپٹ حکمرانوں سے نجات کیلئے اب آخری حد تک جائیں گے، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پنجاب کا اہم اجلاس متحدہ علماء بورڈ پنجاب اور سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی صدارت میں صوبائی سیکرٹریٹ لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں لاہور ڈویژن، گوجرانوالہ ڈوثرن، گجرات ڈوثرن اور راولپنڈی ڈوثرن کے اہم ذمہ داران سمیت پنجاب بھر کے اضلاع اور ڈوثزنوں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں موجودہ ملکی صورتحال کا جائزہ لے کر اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں تحریک انصاف کے 26 نومبر کو ہونیوالے دھرنے میں سنی اتحاد کونسل کے کارکنان کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کیلئے بھی لائحہ عمل تشکیل دیا گیا اور دھرنے کی تیاریوں کے سلسلہ میں کمیٹیاں بھی قائم کر دی گئیں۔

اجلاس میں سیّد جواد الحسن کاظمی، ارشد مصطفائی، الحاج سرفراز احمد تارڑ، صاحبزادہ حسن رضا، صاحبزادہ حسین رضا، پیر طارق ولی چشتی، ملک بخش الہی، صاحبزادہ معاذ المصطفی قادری، میاں فہیم اختر، مولانا اکبر نقشبندی، محمد خالد نور، راو حسیب قادری، مولانا وزیرالقادری، محمد اکرم رضوی اور دیگر نے شرکت کی۔اجلاس کے اعلامیے میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ سنی اتحاد کونسل کے ہزاروں کارکن 26 نومبر کو اسلام آباد دھرنے میں پہنچیں گے۔ سنی اتحاد کونسل بطور اتحادی جماعت تحریک انصاف کیساتھ بھرپور تعاون اور حمایت جاری رکھے گی اور کسی حکومتی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ آرمی چیف کی تقرری کو متنازعہ بنانے کی حکومتی کوششیں شرمناک فعل ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ علماء بورڈ پنجاب اور سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ملک غیر یقینی حالات سے دوچار ہے، عالمی قوتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں، حکومت شکوک و شبہات کو دور کرنے کیلئے عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے۔ نواز، شہباز  نے اقتدار بچانے کیلئے ملک داؤ پر لگا دیا ہے۔ جنرل جیلانی کی انگلی پکڑ کر سیاست میں آنیوالے جمہوریت کے چیمپئن نہیں ہو سکتے۔ زرداری کا گریبان پکڑنے کی بڑھکیں لگانے والے آج زرداری کے پاؤں پکڑ رہے ہیں۔ سیاست کو تجارت بنانے والوں کے دن گنے جا چکے ہیں۔ جھوٹے مقدمے میں ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی ہو سکتی ہے تو عمران خان پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ شہباز شریف پر کیوں درج نہیں ہو سکتا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا لوٹ مار کرنیوالوں کو ایوان اقتدار کی بجائے جیلوں میں ہونا چاہیئے۔ موروثی سیاست کا سورج غروب ہونیوالا ہے، دہشتگردوں کے حامی حکومت کے حواری اور درباری بن چکے ہیں۔ امپورٹڈ حکومت سیاسی میدان میں عمران خان کا مقابلہ نہیں کر سکتی کیونکہ عوام کی اکثریت عمران خان کیساتھ ہے۔ حکومتی رکاوٹوں کو پاش پاش کرکے اسلام آباد پہنچیں گے۔ حکومت راستے بند کرے گی تو جہاں جہاں موجود ہونگے وہیں دھرنے دیں گے۔ کرپٹ حکمرانوں سے نجات کیلئے اب آخری حد تک جائیں گے۔ حکمران غیر جہموری ہتھکنڈوں سے جہموریت کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔ امپورٹڈ حکومت نے سیاسی اختلافات کو سیاسی جنگ بنا دیا ہے۔ جن حکمرانوں کو جیل میں ہونا چاہے وہ اقتدار میں بیٹھے ہیں۔ اجلاس میں منظور کی گئیں قراردادوں میں مطالبہ کیا گیا ہے سپریم کورٹ تسنیم حیدر کے سنگین الزامات کا نوٹس لے اور تحقیقات کرکے حقائق منظر عام پر لائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ جوائے لینڈ نامی فلم پر پابندی عائد کی جائے۔ سیلاب متاثرین کی سردیوں سے  قبل بھرپور مدد کی جائے۔ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ سودی نظام معیشت اور عریانی و فحاشی کا خاتمہ کیا جائے۔ نام بدل کر کام کرنیوالی کالعدم جماعتوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔ قادیانیوں کی اسلام دشمن سازشوں کا سدباب کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 1026334
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش