QR CodeQR Code

پاکستان میں داعش خراسان کا سربراہ اسلام آباد سے گرفتار

23 Nov 2022 16:46

دہشت گرد خالد محمد نبی نے چھ سال قبل داعش تنظیم کے سابق خلیفہ ابوبکر البغدادی کی بیعت کی تھی۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ دہشت گرد خراسان کو متحد کرنے اور داعش کے زیرقبضہ علاقہ کے دفاع اور محاذ آرائی میں ملوث رہا۔


اسلام ٹائمز۔ محکمہ انسداد دہشت گردی ( سی ٹی ڈی ) پنجاب نے بڑی کارروائی کے دوران کالعدم داعش خراسان کے مقامی امیر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے گرفتار کرلیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی میں جنگجو خالد محمد نبی سمیت دو دہشت گرد گرفتار کئے گئے ہیں۔ سی ٹی ڈی کے مطابق جنگجو خالد محمد نبی نے جعلی نام سے پاکستانی شناختی کارڈ بنوا رکھا تھا۔ حکام کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف کارروائی موصول خفیہ اطلاعات پر کی گئی۔ دہشت گردوں کے قبضہ سے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق دہشت گرد یہ دھماکا خیز مواد راولپنڈی میں تخریبی سرگرمیوں میں استعمال کرنے کیلئے ساتھ لائے تھے۔

دہشت گرد نے چھ سال قبل داعش تنظیم کے سابق خلیفہ ابوبکر البغدادی کی بیعت کی تھی۔ دہشت گرد کو بطور مقامی امیر داعش خراسان دلسوالی نور گل مقرر کیا گیا۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ دہشت گرد خراسان کو متحد کرنے اور داعش کے زیرقبضہ علاقہ کے دفاع اور محاذ آرائی میں ملوث رہا۔ خالد محمد نبی 2019ء میں افغان فورسز کے ہاتھوں بھی گرفتار ہوا تھا اور جلال آباد اور پل چرخی جیل میں قید بھی رہا، تاہم اگست 2021ء میں طالبان حکومت آنے کے بعد پل چرخی جیل ٹوٹنے پر یہ جیل سے فرار ہوگیا تھا۔ دہشت گرد خالد محمد غیر قانونی طور پر افغانستان سے پاکستان میں داخل ہوا۔ داعش کے دہشت گرد فاروق عباس کو پشاور سے دھماکا خیز مواد سمیت گرفتار کیا گیا، دونوں دہشت گردوں سے مزید تفتیش جاری ہے۔


خبر کا کوڈ: 1026388

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1026388/پاکستان-میں-داعش-خراسان-کا-سربراہ-اسلام-آباد-سے-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org