0
Wednesday 23 Nov 2022 18:45

گزشتہ سال فروری میں فیصلہ کیا کہ فوج سیاسی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی، جنرل قمر جاوید باجوہ

گزشتہ سال فروری میں فیصلہ کیا کہ فوج سیاسی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی، جنرل قمر جاوید باجوہ
اسلام ٹائمز۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ سیاست میں فوج کی مداخلت غیر آئینی ہے، گزشتہ سال فروری میں فیصلہ کیا کہ فوج سیاسی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی۔ جی ایچ کیو راولپنڈی میں یوم دفاع اور شہدا کی پر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ آج آپ سے یوم شہدا کی تقریب سے بطور آرمی چیف آخری مرتبہ خطاب کر رہا ہوں، مجھے فخر ہے کہ 6 سال اس فوج کا سپہ سالار رہا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کا مقابلہ کرنے سے کبھی غافل نہیں ہوگی، سابقہ مشرقی پاکستان کا سانحہ ایک فوجی نہیں سیاسی ناکامی تھی۔
 
انہوں نے کہا کہ سینئر ملٹری لیڈر شپ کو مختلف القابات سے نوازا گیا،صبر کی حد ہوتی ہے، ہم نے درگزر سے کام لیا، کیا آپ سوچ سکتے ہیں کہ غیر ملکی سازش ہو اور فوج خاموش رہے، یہ گناہ کبیرہ ہے۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ پاک فوج کبھی ملک مفاد کے خلاف نہیں جا سکتی، غلطیاں سیاسی جماعتوں سے بھی ہوئی ہیں۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ فوج نے اپنا کتھارسز شروع کر دیا ہے، امید ہے سیاسی پارٹیاں بھی ایسا کریں گی، ہمیں پاکستان میں جمہوری کلچر کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2022 میں تحریک عدم اعتماد کے بعد ایک آنے والی حکومت کو امپورٹڈ کہا گیا، 2018 کے انتخابات کے بعد ایک پارٹی نے دوسری پارٹی کو سلیکٹڈ کہا، جھوٹا بیانیہ بنا کر ہیجان پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔
 
آرمی چیف نے کہا کہ ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سیکھنا ہوگا، ہمیں غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، معاشرے میں عدم برداشت کا کلچر ختم کرنا ہوگا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ سیاست میں مداخلت نہ کرنے کے عزم پر کار بند ہیں، قیادت کچھ بھی کرسکتی ہے لیکن ملک کے خلاف نہیں جا سکتی، جو سمجھتے ہیں عوام اور فوج میں دراڑیں ڈال دیں گے ان کی بھول ہے۔اس سے قبل آرمی چیف نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول رکھے۔ تقریب میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران سمیت شہدا کے لواحقین اور غازیوں نے بھی شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 1026407
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش