QR CodeQR Code

بھارت جوڑو یاترا کشمیر تک پہنچتے ہی اس میں شامل ہونگا، فاروق عبداللہ

23 Nov 2022 19:16

این سی کے سربراہ نے کہا کہ سیاسی قائدین کی شمولیت لوگوں میں اس بڑھتے ہوئے احساس کی عکاسی کرتی ہے کہ نیشنل کانفرنس واحد جماعت ہے جو ان کے وقار کو برقرار رکھ سکتی ہے


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ان تمام حب الوطن اور عوامی جذبے رکھنے والے شخصیات اور سیاسی کارکنوں کے لئے فطری منزل ہے، جو جموں و کشمیر کے تینوں خطوں میں سیاسی استحکام، مختلف مذاہب اور خطوں کے درمیان اتحاد، امن اور ترقی کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قائدین کی شمولیت لوگوں میں اس بڑھتے ہوئے احساس کی عکاسی کرتی ہے کہ نیشنل کانفرنس واحد جماعت ہے جو ان کے وقار کو برقرار رکھ سکتی ہے اور ریاست کو امن، ترقی اور ترقی کے نئے دور کی طرف لے جا سکتی ہے۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے ضلع ادھمپور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے انکی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا خیرمقدم کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے اور کہا کہ ریاست بھر میں سیاسی اور سماجی شخصیات کی پارٹی میں شمولیت سے نیشنل کانفرنس نچلی سطح پر مزید مضبوط ہوگی اور عوام کی بھلائی اور امید کے ایک نئے دور کا آغاز کرنے کے لئے اپنا مخصوص کردار ادا کرے گی۔

اس سے قبل آل پارٹیز یونائیٹڈ مورچہ کے زیراہتمام تمام جماعتوں کے ایک وفد نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان جاری تال میل کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر اور ملک کے باقی حصوں کی مجموعی صورتحال، خاص طور پر بگڑے ہوئے سیاسی ماحول اور ملک میں سیکولر اور جمہوری قوتوں کو مل کر مضبوط کرنے کی ضرورت کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے تمام پارٹیوں کے وفد کی تشویش اور فرقہ وارانہ اور تقسیم کرنے والی طاقتوں کے خلاف متحدہ جدوجہد کو تیز کرنے کی ضرورت سے آگاہ کیا اور یہ کہا کہ وہ بھارت جوڑو یاترا جموں و کشمیر تک پہنچتے ہی اس میں شامل ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 1026409

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1026409/بھارت-جوڑو-یاترا-کشمیر-تک-پہنچتے-ہی-اس-میں-شامل-ہونگا-فاروق-عبداللہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org