QR CodeQR Code

کراچی، پولیس اہلکار کے قاتل کی گرفتاری کیلئے انٹرپول اور سوئیڈن سے رابطے کا فیصلہ

23 Nov 2022 18:21

واقعے کے تھوڑی دیر بعد ہی ملزم خرم نثار کراچی ایئرپورٹ پہنچا اور ملزم نے کچھ گھنٹے ایئرپورٹ پر گزارے اور منگل کی صبح غیر ملکی ایئرلائن کے ذریعے استنبول روانہ ہوگیا، ملزم کے فرار ہونے کے واقعے نے محکمہ پولیس کی کارکردگی کا پول کھول دیا۔


اسلام ٹائمز۔ پولیس حکام نے کراچی کے علاقے ڈیفنس میں قتل ہونے والے پولیس اہلکار کے قاتل کی گرفتاری کیلئے انٹرپول اور سوئیڈن سے رابطے کا فیصلہ کرلیا۔ ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان بلوچ کا کہنا ہے کہ مفرور ملزم کی گرفتاری کیلئے ایف آئی اے، انٹرپول اور سوئیڈش ایمبیسی سے بھی رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، دوسری جانب پولیس نے ملزم خرم نثار کے ڈرائیور اور برادر نسبتی کو حراست میں لیکر شامل تفتیش کر لیا ہے۔ پیر کی شب کلفٹن تھانے کے علاقے ڈیفنس فیز 5 میں کار سوار سابق ڈپٹی کمشنر نثار احمد کے بیٹے خرم نثار فائرنگ کرکے شاہین فورس کے اہلکار عبدالرحمان کو قتل کرکے موقع پر سے فرار ہوگیا تھا۔ واقعے کے تھوڑی دیر بعد ہی ملزم خرم نثار کراچی ایئرپورٹ پہنچا اور ملزم نے کچھ گھنٹے ایئرپورٹ پر گزارے اور منگل کی صبح غیر ملکی ایئرلائن کے ذریعے استنبول روانہ ہوگیا، ملزم کے فرار ہونے کے واقعے نے محکمہ پولیس کی کارکردگی کا پول کھول دیا۔

پولیس کے زیر حراست ملزم کے برادر نسبتی عامر کا ویڈیو بیان بھی سامنے آگیا، جس کے مطابق ملزم خرم نثار واردات کے بعد عامر سے ملنے ہوٹل آیا اور کہا کہ آج ہی ملک سے باہر جانا ہے، ملزم کی پہلے بھی دشمنی تھی، میں سمجھا وہی معاملہ ہوا ہوگا۔ ملزم خرم نے گاڑی میں بتایا کہ لڑائی ہوگئی ہے، اس لئے ملک سے باہر جانا ہے، خرم نثار نے پہلے سے ٹکٹ نہیں کرائی تھی ایئرپورٹ پر میری اہلیہ بھی ساتھ گئی تھی، اسے دبئی جانا تھا۔ ڈی آئی جی ساؤتھ نے پولیس اہلکار کے قتل کی تحقیقات کیلئے ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا کی سربراہی میں قائم تفتیشی ٹیم کو خصوصی ٹاسک دیا ہے کہ ان ملزمان کو بھی گرفتار کریں، جنہوں نے ملزم کو فرار کروانے میں مدد فراہم کی۔


خبر کا کوڈ: 1026413

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1026413/کراچی-پولیس-اہلکار-کے-قاتل-کی-گرفتاری-کیلئے-انٹرپول-اور-سوئیڈن-سے-رابطے-کا-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org