0
Wednesday 23 Nov 2022 19:54

گورنر سندھ کا جے ڈی سی کے تحت قائم اولڈ ایج ہوم نارتھ کراچی کا دورہ

گورنر سندھ کا جے ڈی سی کے تحت قائم اولڈ ایج ہوم نارتھ کراچی کا دورہ
اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے جے ڈی سی کے تحت چلنے والے دوسرے اولڈ ایج ہوم نارتھ کراچی کا دورہ کیا۔ گورنر سندھ نے اولڈ ایج ہوم کے مختلف شعبہ جات کا جائزہ لیا۔ جے ڈی سی جنرل سیکریٹری ظفر عباس نے اولڈ ایج ہوم سے متعلق گورنر سندھ کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ جے ڈی سی خدمت انسانیت کے لئے گراں قدر خدمات انجام دے رہا ہے، آج مجھے جے ڈی سی کے تحت چلنے والے دوسرے اولڈ ایج ہوم نارتھ کراچی میں بے سہارا اور بزرگ افراد کی کفالت کے کام بہت پسند آئے ہیں لیکن میری خواہش ہے کہ ہمیں اولڈ ایج ہوم بنانے کی ضرورت ہی محسوس نہ ہو، اس ضمن میں بے سہارا اور بزرگ افراد کے بچوں سے درخواست کروں گا کہ وہ ان بزرگوں کو اپنے گھروں کو لے کر جائیں اور ان کی خدمت کرکے دنیا و آخرت میں سرخرو ہوں، بزرگ تو گھروں کی رونق ہوا کرتی ہے ان کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ آج مجھے اس بات کی نشاندہی کی گئی ہے کہ نیشنل انسٹیٹیوٹ کارڈیو ویسکیولرڈیسیز میں وینٹی لیٹرز کی کمی ہے، انشاءاللہ اس کمی کو ضرور پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جے ڈی سی زبردست فلاحی منصوبے تشکیل دے رہا ہے، اس ادارہ کے دوسرے اولڈ ایج ہوم میں شاندار کام ہو رہا ہے، بلاشبہ بے سہارا بزرگ افراد کی کفالت اجر عظیم ہے۔ جے ڈی سی کے جنرل سیکریٹری ظفر عباس نے گورنر سندھ کو بتایا کہ بے سہارا اور بزرگ کو پناہ دی جاتی ہے، رہائشی افراد کو کھانا اور رہائش فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سپر ہائی وے پر بھی ایک اسپتال تعمیر کیا جارہا ہے جس کا افتتاح گورنر سندھ سے کرائیں گے، مذکورہ اسپتال میں صحت کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ جے ڈی سی کے تحت شہر میں 9 ڈائیلائسز اور 3 آئی ٹی سینٹرز بھی قائم ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1026431
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش