0
Wednesday 23 Nov 2022 20:45

آئینی اداروں کو سیاست سے دور رکھا جائے تو بہتر ہوگا، ایڈمنسٹریٹر کراچی

آئینی اداروں کو سیاست سے دور رکھا جائے تو بہتر ہوگا، ایڈمنسٹریٹر کراچی
اسلام ٹائمز۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ آئینی اداروں کو سیاست سے دور رکھا جائے تو بہتر ہوگا، قانون کا بول بالا ہونا چاہیئے خواہ کوئی شخصیت کتنی ہی طاقتور کیوں نہ ہو، قومی اہمیت کے معاملات کو تعصب کی نذر کرنے کے بجائے میرٹ پر دیکھا جانا چاہیئے، بلدیاتی انتخابات کے لئے حکومت سندھ تیار ہے، الیکشن کمیشن کے 15 جنوری کو انتخابات کرانے کے فیصلے کو سندھ کابینہ کے سامنے رکھیں گے، کے ایم سی کے 46 بڑے پارکس میں فنون و ثقافت کے فروغ کے لئے ہونے والے پروگراموں میں کے ایم سی بھرپور تعاون کرنے کو تیار ہے، معاشرے میں مثبت اور بامقصد چیزوں کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے، پبلک مقامات کو شہریوں کے لئے زیادہ سے زیادہ پرکشش بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں آرٹس اینڈ کرافٹس انسٹیٹیوٹ کے تحت تیسرے منی تھیسز شو برائے ٹیکسٹائل ڈیزائن کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ، ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات پیپلز پارٹی شکیل چوہدری، سینئر ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ کے ایم سی علی حسن ساجد اور دیگر عہدیداران و افسران بھی موجود تھے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ آرٹس کونسل کا شکرگزار ہوں کہ وزیراعلیٰ سندھ کے وژن کو آگے بڑھایا ہے جس میں جسمانی معذوری کا شکار افراد کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ میں کراچی کے مختلف علاقوں کے بچے اور بچیاں آکر تربیت حاصل کر رہے ہیں جن کے لئے مہنگے آرٹس اسکولوں میں داخلہ ممکن نہیں تھا، اس طرح ہم اپنے آرٹ اور کلچر کو فروغ دے رہے ہیں، آرٹس کونسل یہ کام سندھ حکومت کے تعاون سے کر رہی ہے، یہاں ہونے والے پروگراموں میں دنیا بھر سے لوگ آتے ہیں اور ہم اپنے شہر، صوبے اور ملک کا مثبت امیج سامنے لا رہے ہیں، یہی وہ پاکستان ہے جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا تھا اور جس کے قیام کے لئے بانی پاکستان نے انتھک جدوجہد کی تھی، ہم کوشش کر رہے ہیں معاشرے سے ہر قسم کی تفریق کو ختم کیا جائے اور مثبت کاموں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کی زمین شہریوں کی ملکیت ہے اور اس کے ہر ممکن بہتر استعمال کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، ہر اس تجویز پر غور کریں گے جس میں کراچی والوں کا بھلا ہو اور یہاں کے شہریوں کو فوائد حاصل ہوسکیں۔
خبر کا کوڈ : 1026440
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش