QR CodeQR Code

حکومت سندھ این جی اوز کیساتھ ملکر تعلیمی اداروں میں بے حیائی کے فروغ میں سرگرم ہے، پروفیسر ابراہیم

23 Nov 2022 22:05

جماعت اسلامی کے رہنماء کا کہنا تھا کہ مسلمان معاشرے میں رقص، موسیقی اور اداکاری کو اسکول کی سطح پر شامل کرنا اور اس کی حوصلہ افزائی کرنا تشویش ناک ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا و نگران شعبہ تعلیم جماعت اسلامی پاکستان پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ حکومت سندھ این جی اوز ‘‘دوربین‘‘ اور ’’ادارہ تعلیم و آگہی‘‘ کے اشتراک سے اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت کے نام پر تعلیمی اداروں میں بے حیائی کے فروغ میں سرگرم ہے۔ گذشتہ دنوں گورنمنٹ ایلیمنڑی کالج حسین آباد، کراچی میں "اساتذہ کا تعلیمی جشن" (ٹیچر لرننگ فیسٹیول) کے نام سے ایک ایونٹ کا انعقاد کیا گیا، جس کے ٹرینرز لبرل اور سیکولرز ذہن کے حامل مرد و خواتین سپیکرز اور موسیقار تھے۔ ایونٹ کے مرکزی پروگرامات میں ایجوکیشن میں موسیقی کی اہمیت، استعمال کے طریقے اور تھیٹر کی مہارتیں یعنی رقص اور اداکاری سکھانا شامل تھے۔ یہ ایونٹ سندھ حکومت کی جانب سے تعلیمی نظام اور نصاب تعلیم میں موسیقی کی تعلیم کے حوالے سے کیے گئے فیصلے کا تسلسل تھا، جو نظریہ اسلام اور پاکستان کے خلاف سنگین سازش ہے۔ ہم اس ایونٹ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے تعلیمی کنونشن سے خطاب اور شعبہ تعلیم کے ذمہ داران کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ مسلمان معاشرے میں رقص، موسیقی اور اداکاری کو اسکول کی سطح پر شامل کرنا اور اس کی حوصلہ افزائی کرنا تشویش ناک ہے، افسوسناک پہلو یہ ہے کہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت حکومتی سطح پر اسکولوں میں موسیقی، رقص اور اداکاری کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ سندھ حکومت کو معلوم ہونا چاہیے کہ یہ ملک اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا ہے، یہاں کا آئین اسلامی ہے اور آئین میں واضح طور پر لکھا ہے کہ ملک میں کوئی قانون یا اقدام اسلامی تعلیمات کے منافی نہیں ہو ں گے۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت نے این جی اوز کے ساتھ مل کر اس ایونٹ کے ذریعے اساتذہ اور طلبہ کی ذہنی صحت، ماحولیاتی تبدیلی (کلائمیٹ چینج)، تحریری مہارتوں، بالخصوص شاعری لکھنا، قصہ گوئی (سٹوری ٹیلنگ) کی جدید تعلیمی و تدریسی مہارتیں سکھانے کی آڑ میں ملک عزیز کی نئی نسل کو لادینیت کی راہ پر ڈالنا ایک سگین سازش ہے۔


خبر کا کوڈ: 1026449

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1026449/حکومت-سندھ-این-جی-اوز-کیساتھ-ملکر-تعلیمی-اداروں-میں-بے-حیائی-کے-فروغ-سرگرم-ہے-پروفیسر-ابراہیم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org