0
Friday 30 Sep 2011 19:54

سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام ملک بھر میں ’’یوم مذمت امریکہ‘‘ منایا گیا

سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام ملک بھر میں ’’یوم مذمت امریکہ‘‘ منایا گیا
لاہور:اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین و رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم کا کہنا تھا کہ اے پی سی کے ذریعے پاکستانی قوم کی طرف سے دنیا کو امن کا پیغام دیا گیا ہے، اس پیغام کو نہ سنا گیا تو یہ المیہ ہو گا، آل پارٹیز کانفرنس پاکستانی عوام کی فتح اور امریکی عزائم کی کھلی شکست ہے۔ 
سنی اتحاد کونسل پاکستان کے زیراہتمام امریکی دھمکیوں اور الزامات کے خلاف ملک بھر میں ’’یوم مذمت امریکہ‘‘ منایا گیا۔ اس سلسلہ میں جمعتہ المبارک کے اجتماعات میں امریکہ کے جارحانہ عزائم کے خلاف تقریریں کی گئیں اور احتجاجی قراردادیں منظور کی گئیں جبکہ نماز جمعہ کے بعد سنی اتحاد کونسل کی اپیل پر لاہور، کراچی، گوجرانوالہ، میانوالی، فیصل آباد، سکھر، کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں امریکہ کے خلاف مظاہرے کئے گئے اور ’’امریکہ نہ طالبان۔۔۔ پاکستان پاکستان‘‘ ریلیاں نکالی گئیں۔
’’یوم مذمت امریکہ‘‘ کے موقع پر سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور قومی اسمبلی کے رکن صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم نے جامعہ رضویہ ضیاء العلوم میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ امن چاہتا ہے تو پاکستان کی آزادی اور خودمختاری کا احترام کرے، امریکہ سمیت سب کو جیو اور جینے دو کا اصول اپنانا ہو گا، پاکستان کسی طاقت کی ڈکٹیشن قبول نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو دو ٹوک جواب مل گیا ہے کہ ہم ملکی سلامتی کے لیے ایک ہیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا اسلام اور پاکستان کے لیے ہے، ملک سے وفا کے ثبوت کا وقت آ گیا ہے، جو لیڈر ملک سے مخلص ہو گا وہ اپنے اثاثے پاکستان لائے گا۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ عالمی برادری امریکہ کے جنگی جنون کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
لاہور میں ’’یوم مذمت امریکہ‘‘ کے سلسلہ میں سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس کی قیادت پیر محمد اطہر القادری، مفتی محمد حسیب قادری، محمد نواز کھرل، صاحبزادہ نعیم عارف نوری، پیر سید نبیل الرحمن شاہ، علامہ نعیم جاوید نوری، صاحبزادہ عثمان علی، صاحبزادہ سید صابر گردیزی، مولانا محمد علی نقشبندی، علامہ سید خرم ریاض شاہ، مفتی محمد کریم خان، علامہ مشتاق نوری نے کی۔ مظاہرین نے امریکہ کے خلاف نعرے لگائے۔ اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پیر محمد اطہر القادری نے کہا کہ امریکہ کو پاکستان سے لڑائی مہنگی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں وائٹ ہاؤس کا حکم نہیں چلنے دیں گے۔ مفتی محمد حسیب قادری نے کہا کہ ہم امریکی نیو ورلڈ آرڈر کے باغی ہیں کیونکہ ہم مصطفائی ورلڈ آرڈر کو ماننے والے ہیں۔ محمد نواز کھرل نے کہا کہ افغانستان سے پاکستانی فورسز پر حملے بند کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف امریکی فوجیوں کی جانیں قیمتی نہیں پاکستانیوں کی جانیں بھی قیمتی ہیں۔ صاحبزادہ نعیم عارف نوری نے کہا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن امریکی جارحیت کی صورت میں اپنے لہو سے پاک سرزمین کے چپے چپے کی حفاظت کریں گے۔
’’یوم مذمت امریکہ‘‘ کے سلسلہ میں گجرات میں پیر محمد افضل قادری، ملتان میں صاحبزادہ مظہر سعید کاظمی، میانوالی میں پیر سید صفدر شاہ گیلانی، منڈی بہاؤ الدین میں پیر سید محفوظ مشہدی، گوجرانوالہ میں صاحبزادہ داؤد رضوی، مولانا محمد اکبر نقشبندی، فیصل آباد میں علامہ باغ علی رضوی، اوکاڑہ میں مفتی فضل الرحمن اوکاڑوی، بوریوالہ میں پیر سید محمد اقبال شاہ، ڈسکہ میں علامہ قاری خالد محمود، جہلم میں علامہ محمد اشفاق جلالی، کوئٹہ میں پیر خالد سلطان قادری، سکھر میں مفتی عارف سعیدی اور حافظ آباد میں علامہ فدا حسین حافظ آبادی اور صاحبزادہ وسیم الحسن نقوی کی قیادت میں مظاہرے کئے گئے۔ 
خبر کا کوڈ : 102645
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش