QR CodeQR Code

ایران، کوملہ دہشتگردوں کیخلاف فوجی کارروائی بند کرے، امریکہ

23 Nov 2022 21:37

امریکہ نے عراقی کردستان میں موجود مسلح دہشتگرد تنظیم کوملہ کے ٹھکانوں پر ایران کیجانب سے ہونیوالی بمباری کی مذمت کرتے ہوئے تہران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان حملوں کو بند کرے


اسلام ٹائمز۔ عراقی کردستان میں تعینات ایران مخالف دہشتگرد تنظیم کوملہ کے ٹھکانوں پر سپاہ پاسداران کی بمباری کے خلاف، خطے میں امریکی کمانڈ سنٹر سنٹکام کی بیان بازی کے بعد اب امریکی وزارت خارجہ نے بھی اس حوالے سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران، کوملہ دہشتگردوں کے خلاف اپنے میزائل حملے بند کرے۔ رپورٹ کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے اپنے ایک بیان میں دعوی کیا ہے کہ ایران کی جانب سے کردستان کے خلاف تباہ کن حملوں کے ذریعے عراقی جغرافیائی سلامتی کی خلاف ورزی 20 تا 22 نومبر تک جاری ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر نشر ہونے والے بیان کے مطابق نیڈپرائس نے مزید کہا کہ امریکہ، ایران کی جانب سے عراق کی جغرافیائی سلامتی کی ایسی مکرر و بے باکانہ خلاف ورزی کی شدید مذمت اور تہران سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ خطرات لاحق کرنے اور مزید تشدد سے پرہیز کرے۔

واضح رہے کہ ایرانی انقلابی گارڈز سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے سوموار کے روز جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں کوملہ دہشتگردوں کے باقی ماندہ ٹھکانوں کے خلاف "حمزہ سید الشہداء علیہ السلام فوجی بیس" کے نئے ڈرون و میزائل آپریشن کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔ علاوہ ازیں گذشتہ روز خبرنگاروں کے ساتھ گفتگو میں سپاہ پاسداران کی پیدل فوج کے کمانڈر جنرل پاکپور نے بھی اس آپریشن پر روشنی ڈالتے ہوئے تاکید کی تھی کہ اپنے ڈرون و میزائل آپریشن میں سپاہ پاسداران نے عراقی کردستان کی جغرافیائی گہرائی میں پردی نامی علاقے میں موجود کوملہ دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانوں کو بھاری بمباری کے ساتھ نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں وہاں موجود دہشتگردوں کے تمام ٹھکانے تباہ اور ان کے اندر موجود تمام دہشتگرد ہلاک و زخمی ہو گئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1026452

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1026452/ایران-کوملہ-دہشتگردوں-کیخلاف-فوجی-کارروائی-بند-کرے-امریکہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org