QR CodeQR Code

وفاقی حکومت نجی بینکوں سے بھی سود کے حق میں اپیلیں واپس کروائے، ملی یکجہتی کونسل

23 Nov 2022 21:40

ادارہ نور حق میں صوبائی کونسل کے عہدیداران کے اجلاس میں رہنماؤں نے نکاح نامے میں ختم نبوتؐ کے حلف نامے کو لازمی قرار دینے اور اسکولوں میں قرآن مجید کی تعلیم ترجمے کے ساتھ دینے کی تجاویر کا بھر پور خیر مقدم کیا گیا اور کہا گیا کہ اس پر فی الفور عملدر آمد یقینی بنایا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر و سابق رکن قومی اسمبلی پاکستان اسد اللہ بھٹو کی زیر صدارت ادارہ نور حق میں صوبائی کونسل کے عہدیداران اور کونسل میں شریک پارٹیوں کے نمائندوں کا اجلاس ہوا۔ جس میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اسٹیٹ بینک اور نیشنل بینک کی طرح دیگر پرائیویٹ بنکوں سے بھی سپریم کورٹ میں سودی نظام کے حق میں دائر اپیلیں واپس کروائے اور فوری طور پر سودی نظام کے خاتمے کا روڈ میپ دے۔ اجلاس میں علمائے کرام سے اپیل کی گئی کہ وہ خطبات جمعہ میں انسداد ِ سود اور اس کے خلاف عوام کے اندر آگاہی پیدا کریں۔ اجلاس میں سندھ حکومت کی جانب سے سرکاری تعلیمی اداروں میں رقص اور موسیقی کی کلاسیں شروع کرنے اور ان کے لئے اساتذہ کی بھرتی کی بھی شدید مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت اپنے اس فیصلے کو واپس لے۔ اجلاس میں نکاح نامے میں ختم نبوتؐ کے حلف نامے کو لازمی قرار دینے اور اسکولوں میں قرآن مجید کی تعلیم ترجمے کے ساتھ دینے کی تجاویر کا بھر پور خیر مقدم کیا گیا اور کہا گیا کہ اس پر فی الفور عملدر آمد یقینی بنایا جائے اور جس طرح پنجاب حکومت نکاح نامے کے ساتھ ختوم نبوت کے حلف نامے کو لازمی قرار دینے کے قانون کی منظوری دے چکی ہے اس طرح سندھ حکومت بھی اسے قانون کا حصہ بنائے۔

اجلاس میں  امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما قاضی احمد نورانی، اسلامی تحریک پاکستان کے علامہ سید ناظر عباس تقوی، جمعیت علمائے پاکستان کے سید عقیل انجم قادری، اسلامی تحریک پاکستان سندھ کے صوبائی صدر علامہ سید اسد اقبال زیدی، اسلامی تحریک کے  صوبائی سیکریٹری اطلاعات علی نقوی، اسلامی جمہوری اتحاد سندھ کے نائب صدر علامہ مرتضیٰ خان رحمانی، اسلامی تحریک پاکستان کے علامہ سید رضی حیدر زیدی، جماعت غرباء  اہلحدیث پاکستان کے سیکریٹری اطلاعات عمران احمد سلفی، جماعت غرباء اہلحدیث  پاکستان کے پریس سیکریٹری حشمت اللہ صدیقی، مجلس وحدت مسلمین کے علامہ ملک غلام عباس اور ملی یکجہتی کونسل کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری نے شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 1026454

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1026454/وفاقی-حکومت-نجی-بینکوں-سے-بھی-سود-کے-حق-میں-اپیلیں-واپس-کروائے-ملی-یکجہتی-کونسل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org