QR CodeQR Code

گلگت، ایم ڈبلیو ایم کے اعلیٰ سطحی وفد کی سیکرٹری برقیات سے ملاقات، بجلی بحران پر بریفنگ لی

23 Nov 2022 22:33

بریفنگ میں اعصاب شکن لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے لیے محکمہ برقیات اور ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کے حوالے سے گفت و شنید ہوئی۔


اسلام ٹائمز۔ سکردو میں جاری بجلی بحران کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ایک اعلٰی سطحی وفد نے رکن جی بی کونسل شیخ احمد علی نوری کی سربراہی میں وزیر تعمیرات عامہ وزیر محمد سلیم کے ہمراہ سیکرٹری پاور ظفر وقار تاج اور ایکسئین پاور سکردو سے تفصیلی بریفنگ لی۔ بریفنگ میں اعصاب شکن لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے لیے محکمہ برقیات اور ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کے حوالے سے گفت و شنید ہوئی۔ وفد نے واضح کیا کہ بجلی کی مخدوش صورتحال کے سبب عوامی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے حکومتی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔ اس موقع پر محکمہ برقیات کی جانب سے لانگ ٹرم اور شارٹ ٹرم اٹھائے جانے والے اقدامات بالخصوص سکردو میں سولر سسٹم کی تنصیب کے ذریعے بجلی بحران پر قابو پانے، سرمک بجلی گھر کو فوری مکمل کرنے کے حوالے سے بریفنگ لی۔

ساتھ ہی طولتی بجلی گھر کو فنکشنل کرانے، روندو بجلی گھر کو فوری ریپیر کرنے، ژھوق پاور ہاوس ٹو میگاواٹ، کچورا فیس فائیو پر کام تیزی سے مکمل کرنے اور کچورا فیز ٹو کی ری ہیبلیٹیشن سمیت دیگر امور پر بھی بریفنگ لی گئی۔ سیکرٹری پاور نے کہا کہ  سکردو سمیت تمام ہیڈکوارٹرز میں بجلی بحران کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ وفد نے پی ایس ڈی پی کی بجلی کے پروجیکٹس بالخصوص شغرتھنگ، غواڑی، ہرپو، ہینزل سمیت دیگر پاور پروجیکٹس کے حوالے سے جاری پیشرفت پر محکمہ کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔ ایم ڈبلیو ایم وفد میں صوبائی وزیر زراعت کاظم میثم، رکن اسمبلی شیخ اکبر رجائی، معاون خصوصی الیاس صدیقی اور دیگر ہمراہ تھے۔


خبر کا کوڈ: 1026462

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1026462/گلگت-ایم-ڈبلیو-کے-اعلی-سطحی-وفد-کی-سیکرٹری-برقیات-سے-ملاقات-بجلی-بحران-پر-بریفنگ-لی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org