0
Wednesday 23 Nov 2022 23:21

بلوچ عوام کیساتھ گہری اور دیرینہ شراکت داری کے خواہشمند ہیں، ڈونلڈ بلوم

بلوچ عوام کیساتھ گہری اور دیرینہ شراکت داری کے خواہشمند ہیں، ڈونلڈ بلوم
اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ ابھی مکمل طور سے نہیں ہوسکا، ہر ملک موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے دوچار ہے، یہی سبب ہے کہ ہم ایک سبز اتحاد کے قیام کے ذریعے سے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی استعداد کار میں اضافہ پر کام کر رہے ہیں۔ بلوچ عوام کیساتھ گہرے اور دیرینہ شراکت داری کے خواہشمند ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ کے دورہ کے دوران تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امریکی سفیر نے اس موقع پر بلوچستان کے وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو سے ملاقات بھی کی۔ امریکی سفیر صوبہ میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے کام میں مصروف مقامی شراکت داروں، اعلیٰ تعلیمی اداروں کے نمائندوں، مقامی غیر سرکاری تنظیموں کے رہنماؤں اور افغان پناہ گزینوں سے بھی ملے۔ اپنے دورے کے موقع پر سفیر بلَوم نے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے مختلف شراکت داروں پر مشتمل ایک سبز اتحاد کے قیام پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر انہوں نے اعلیٰ تعلیم اور خواتین کو بااختیار بنانے کے ذریعے معاشی ترقی کے فروغ کے لیے امریکا اور پاکستان کے درمیان مضبوط تعاون کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا۔ اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کوئٹہ میں سفیر بلَوم نے عوامی شجر کاری مہم میں شرکت کرتے ہوئے ایک پودا بھی لگایا۔ واضح رہے کہ یہ سرگرمی مستقبل میں شہروں میں جنگلات اُگانے کے ایک بڑے منصوبہ کی کڑی ہے اور نوجوان کارکنوں کی سربراہی میں آغاز کردہ اس منصوبہ کا مقصد موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنا، موسمیاتی خطرات کے بارے میں آگاہی، موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف معاشرتی لچک کو تقویت دینا اور ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے، جہاں وسیع معاشرتی بہبود کے لیے متنوع گروہوں کو قریب لایا جا سکے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ بلَوم نے کہا کہ امریکی حکومت نے بلوچستان سمیت پاکستان بھر میں رواں سال سیلاب سے متاثر ہونے والے ضرورتمند افراد اور آبادیوں میں نو کروڑ ستّر لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کی امداد فراہم کی ہے۔ انہیں اندازہ ہے کہ سیلاب کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ ابھی مکمل طور سے نہیں ہوسکا ہے اور ہر ملک موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے دوچار ہے۔ یہی سبب ہے کہ ہم ایک سبز اتحاد کے قیام کے ذریعہ سے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی استعداد کار میں اضافہ پر کام کر رہے ہیں۔ امریکی سفیر نے بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجنیئر نگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز اور سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کے عہدیداروں سے اپنی ملاقاتوں کے دوران اس امر پر تبادلہ خیال کیا کہ کس طرح امریکی حکومت کی اعانت سے جاری تدریسی پروگرام معاشی ترقی کی ضروریات کی تکمیل کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی حکومت یو ایس ایڈ کے توسط سے 56 فیصد خواتین سمیت 300 طالبعلموں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول اور اپنی برادریوں کی معاشرتی ترقی میں کردار ادا کرنے کے لیے وظائف فراہم کرچکی ہے۔ سفیر ڈونلڈ بلَوم نے بلوچستان میں کاروبار سے وابستہ خواتین کے ایک منصوبہ کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی، جس کے تحت اُن کو ساڑھے تین لاکھ ڈالر کی بنیادی سرمایہ کاری فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ امریکا سمجھتا ہے کہ خواتین کو با اختیار بنانا انفرادی سطح اور عالمی معیشت دونوں کے مستقبل کے لیے ایک تذویری سرمایہ کاری ہے۔ اس جیسے منصوبوں پر اکٹھے کام کرکے ہم نہ صرف کاروبار کے شعبہ میں خواتین کی برابری کو تقویت دے سکتے ہیں بلکہ دیگر وسیع امکانات کو روشن کرسکتے ہیں، جو کوئٹہ اور بلوچستان میں خوشحالی لانے کا مُوجب ہونگے۔ امریکا کو یو این ایچ سی آر کے ساتھ کوئٹہ میں افغان مہاجرین اور مقامی ہنرمندوں کو روزگار کی فراہمی کے منصوبہ میں اشتراک پر بھی فخر ہے۔ واضح رہے کہ 2009ء سے لیکر اب تک امریکی اعانت سے یو این ایچ سی آر نے افغان اور مقامی میزبان آبادیوں کی سہولت کی خاطر اسکولوں کے لیے بنیادی ڈھانچہ کی فراہمی، پانی اور صفائی ستھرائی اور صحت عامہ میں بہتری کے لیے 251 منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1026483
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش