0
Wednesday 23 Nov 2022 20:49

آصف علی زرداری اور چودھری شجاعت حسین کے درمیان اہم ملاقات

آصف علی زرداری اور چودھری شجاعت حسین کے درمیان اہم ملاقات
اسلام ٹائمز۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور پاکستان مسلم لیگ قاف کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں پاکستان مسلم لیگ قاف کے صدر اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے سابق صدر آصف علی زرداری نے اہم ملاقات کی، ملاقات کے دوران وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران آصف علی زرداری نے شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی جبکہ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ خیال رہے کہ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے، جب آرمی چیف کی تعیناتی کے لیے وزارت دفاع کی جانب سے سمری وزیراعظم ہاؤس کو ارسال کر دی گئی اور حکومتی ارکان کہہ رہے ہیں کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی رواں ہفتے کے دوران کر دی جائے گی۔

29 نومبر کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ندیم رضا عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہیں، سینیارٹی کا جائزہ لیا جائے تو 6 لیفٹیننٹ جنرلز نئے سپہ سالار کیلئے امیدوار ہیں۔ امیدواروں میں لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر، لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا، لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر شامل ہیں۔ چند روز قبل سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا تھا کہ ہم پاک فوج میں پروموشن کے نظام پر مضبوط یقین رکھتے ہیں، تمام تھری اسٹار جنرلز برابر ہیں اور آرمی کی سربراہی کے مکمل اہل ہیں، سپہ سالار کی تعیناتی کا معاملہ کسی صورت بھی سیاسی نہیں ہونا چاہیئے۔ یہ اقدام ادارے کو نقصان پہنچائے گا۔ آرمی چیف کی تعیناتی قانون کے مطابق وزیراعظم کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 1026526
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش