0
Thursday 24 Nov 2022 19:09

کردستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر بمباری سے متعلق اراکین سلامتی کونسل کے نام ایرانی خط

کردستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر بمباری سے متعلق اراکین سلامتی کونسل کے نام ایرانی خط
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے عراقی کردستان میں مسلح دہشتگرد و علیحدگی پسند تنظیم کوملہ کے خلاف جاری اپنے ڈرون و میزائل آپریشن کے بارے سلامتی کونسل کے اراکین کے نام خط تحریر کیا ہے جس میں تاکید کی گئی ہے کہ عراق و عراق کی شمالی ریاست (کردستان) کے حکام کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کی بارہا سفارتکاری کے بعد، ایران کے پاس عالمی قوانین کے مطابق اپنی قومی سلامتی کے تحفظ کی خاطر، دفاع پر مبنی اپنے مسلمہ حق کے استعمال کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ باقی نہ بچا تھا جس کی بناء پر عراق کی شمالی ریاست میں تعینات دہشتگرد گروہ کے خلاف حالیہ فوجی آپریشن کا آغاز کیا گیا ہے۔ اپنے خط میں کردستان میں کوملہ دہشتگردوں کے خلاف جاری ایرانی آپریشن پر روشنی ڈالتے ہوئے ایرانی مشن نے لکھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران سالہا سال سے ان دہشتگرد گروہوں کے حملوں کا نشانہ بن رہا ہے جنہوں نے عراقی کردستان کے علاقے میں باقاعدہ اڈے بنا رکھے ہیں جبکہ ان گروہوں کی جانب سے انجام پانے والی ایران مخالف کارروائیوں میں ان دنوں انتہائی تیزی آ چکی تھی جبکہ مذکورہ دہشتگرد گروہ، ایران کے اندر دہشتگردانہ کارروائیوں کا ارادہ رکھنے والے دوسرے دہشتگرد گروہوں کو بھی مسلح کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر غیرقانونی اسلحہ اسمگل کرنے میں مصروف تھے جس کے باعث حالیہ ايام کے دوران ایران میں انسانی جانوں کے ضیاع، پرتشدد واقعات اور عوامی و سرکاری املاک کی تباہی جیسے وقوعوں میں کہیں اضافہ ہوا ہے۔

اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے اپنے خط میں لکھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنی پوری سرزمین اور بین الاقوامی طور پر منظور شدہ سرحدوں کی موثر حفاظت پر مبنی عراقی حکومت کی ذمہ داری پر تاکید کرتے ہوئے عراقی و کردی حکام کو ان دہشتگرد و علیحدگی پسند مسلح گروہوں کے بارے ناقابل انکار و انتہائی معتبر دستاویزات بھی فراہم کی تھیں جبکہ یہ دہشتگرد گروہ ایران کے خلاف حکومت کا تختہ الٹنے سمیت متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی، امداد، کمانڈ اور ان پر عملدرآمد کے لئے عراقی سرزمین کا ناجائز استعمال کر رہے تھے۔ ایرانی مشن نے لکھا کہ عراقی و کردی حکام کے ساتھ کئی ایک دوجانبہ سفارتی نشستوں، کہ جن میں 25 اکتوبر 2022ء کے روز عراقی مشیر قومی سلامتی کے ساتھ ہونے والی ملاقات بھی شامل ہے؛ میں ایران نے باقاعدہ مطالبہ کیا تھا کہ دہشتگردانہ کارروائیوں کا ارتکاب کرنے والے افراد کو ملک واپس بھیجا جائے تاکہ ایرانی عدالتوں میں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے اور ساتھ ہی ساتھ دہشتگرد گروہوں کے ٹھکانوں اور ٹریننگ سنٹروں کا بھی مکمل خاتمہ کرتے ہوئے تمام دہشتگردوں کو مکمل طور پر غیر مسلح کیا جائے۔ ایرانی مشن نے لکھا کہ اس سفارتکاری کے دوران ایران نے دونوں ممالک کی مشترکہ سرحد پر عراقی فوج کی موجودگی کی ضرورت پر بھی زور دیا تھا جس کے بعد عراقی وفد نے نہ صرف یہ تمام مطالبے قبول کر لئے تھے بلکہ اس نے کوملہ دہشتگرد گروہ کو غیر مسلح کرنے کے لئے ٹائم فریم بنانے کا عہد بھی کیا تھا۔

اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے مزید لکھا کہ افسوس ہے کہ اس مفاہمت پر عملدرآمد کے لئے تاحال کوئی موثر اقدام نہیں اٹھایا گیا لہذا ایران ایک مرتبہ پھر متذکرہ بالا معاہدے پر فی الفور عملدرآمد پر تاکید کرتا ہے۔۔ بنابرایں بین الاقوامی سطح پر منظور شدہ قوانین کی روشنی میں ایران کے پاس اپنے، اپنی قومی سلامتی اور اپنے عوام سے دفاع کے علاوہ کوئی دوسرا رستہ باقی نہ بچا تھا جس کے باعث ریاست کردستان میں تعینات دہشتگرد گروہ کے خلاف حال ہی میں انتہائی ضروری فوجی کارروائی کی گئی ہے جس کی انتہائی باریک بینی کے ساتھ منصوبہ بندی کی گئی تھی اور اس کارروائی کے دوران صرف اور صرف دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو ہی انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایرانی مشن نے مزید واضح کرتے ہوئے لکھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ کے ایک حصے کے طور پر ازقبل موجود میکانزم کے ذریعے عراقی حکومت کے ساتھ مل بیٹھ کر اس مسئلے کو حل کرنے کا قائل ہے جبکہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ قبل ازیں انجام پانے والی اپنی ملاقات کے دوران عراقی خودمختاری و جغرافیائی سلامتی اور اس کے ساتھ ساتھ عالمی قواعد و ضوابط کے مطابق دہشتگردی کے خلاف جنگ اور دہشتگردانہ سرگرمیوں کے مقابلے میں دوطرفہ باہمی تعاون کی اہمیت پر تاکید کر چکے ہیں۔ اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے اپنے خط کے آخر میں لکھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، جمہوریہ عراق کے امن و امان و استحکام کو انتہائی اہمیت دیتا اور عراقی جغرافیائی سالمیت، اتحاد و عراقی خودمختاری کی حفاظت سے متعلق اپنے عہد پر ایک مرتبہ پھر تاکید کرتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1026617
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش